ETV Bharat / sports

South Africa Beat Afghanistan افغانستان کو جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹ سے شکست دی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 10, 2023, 10:52 PM IST

جنوبی افریقہ نے ڈوسین کے 95 گیندوں میں 76 رن اور اینڈیل پھولکوایو کے 37 گیندوں میں 39 رن کی مدد سے47.3 اوورز میں 247 رنز بنا کر میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔ تاہم، ہدف کے تعاقب میں ایک بار پھر جنوبی افریقہ کی کمزوری نظر آئی۔

افغانستان کو جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹ سے شکست دی
افغانستان کو جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹ سے شکست دی

احمد آباد: جنوبی افریقہ نے ایک بار پھر ہدف کے تعاقب میں جدوجہد کرتے ہوئے افغانستان کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اس کا خواب چکنا چور کردیا۔

نریندر مودی اسٹیڈیم میں آج 245 رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی سلامی جوڑی کوئنٹن ڈی کاک اور ٹیمبا باوما نے پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ لیکن 11ویں اوور کی چھٹی گیند پر مجیب نے جنوبی افریقہ کو پہلا جھٹکا گرباز کے ہاتھوں کیچ کروا کے باوما کو 23 رن کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد کوئنٹن ڈی کاک 41 رن پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور جنوبی افریقہ بیک فٹ پر آ گیا۔ تاہم، وان ڈیر ڈوسین نے اننگز کو ایک سرے سے قابو میں رکھا۔ 24ویں اوور کی پہلی گیند پر راشد نے 25 رن پر ایڈن مارکرم کو حق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ 28ویں اوور میں راشد نے ہینرک کلاسن کو 10 رنز پر بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ 38ویں اوور میں جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 24 کے اسکور پر ڈیوڈ ملر کی صورت میں گری اور اس کے ساتھ ہی اس کے رن کی رفتار کم ہو گئی۔

جنوبی افریقہ نے ڈوسین کے 95 گیندوں میں 76 رن اور اینڈیل پھولکوایو کے 37 گیندوں میں 39 رن کی مدد سے47.3 اوورز میں 247 رنز بنا کر میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔ تاہم، ہدف کے تعاقب میں ایک بار پھر جنوبی افریقہ کی کمزوری نظر آئی۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان اور محمد نبی نے دو دو وکٹ حاصل کیں۔ جبکہ مجیب الرحمان نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جمعہ کے روز آئی سی سی ورلڈ کپ کے 42ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عظمت اللہ عمرزئی کی ناٹ آؤٹ 97 رن کی شاندار اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ کو 245 رنز کا ہدف دیا۔ افغانستان نے اننگز کا آغاز اچھا کیا۔ رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کی اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 41 رنز بنائے۔ افغانستان کو پہلا جھٹکا رحمان اللہ گرباز کی صورت میں نویں اوور کی پہلی گیند پر 25 رن کے اسکور پر لگا۔

یہ بھی پڑھیں: روہت شرما ٹیم انڈیا کی کپتانی کے خواہشمند نہیں تھے: سورو گنگولی کا انکشاف

اس کے بعد کوئٹزی نے 10ویں اوور میں 15 رنز بنا نے والے زدران کو ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا یا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان حشمت اللہ شاہدی دو رن پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹ گرتی رہی۔ اکرام علی خیل 12 رن، محمد نبی دو رن، راشد خان 14 رن، نور احمد 26 رن، مجیب الرحمان آٹھ رن، نوین الحق دو رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 107 گیندوں پر 97 رنز بنائے۔ وہ ورلڈ کپ میں اپنی سنچری بنانے سے تین رن سے محروم رہے۔ افغانستان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں صرف 244 رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ گوئٹزی نے چار وکٹ حاصل کیں۔ جبکہ مہاراج اور نگیڈی نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ یو این آئی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.