ETV Bharat / international

Ukraine Russia War یوکرین نے جرمنی سے مزید لیپرڈ ٹینک کی درخواست کی

author img

By

Published : Jun 13, 2023, 2:13 PM IST

یوکرین نے جرمنی سے مزید لیپرڈ ٹینک کی درخواست کی
یوکرین نے جرمنی سے مزید لیپرڈ ٹینک کی درخواست کی

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے۔ یوکرین کے نائب وزیر خارجہ اینڈری میلنیک نے روس کے خلاف جوابی کارروائی میں جرمنی سے مزید لیپرڈ ٹینک کی درخواست کی ہے۔ Ukraine requests Leopard tanks from Germany

کیف: یوکرین نے روس کے خلاف جوابی کارروائی میں اپنی برّی فوج کی مدد کے لیے جرمنی سے مزید لیپرڈ ٹینک مہیّا کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس سے ایک روز قبل ہی ماسکو نے کہا ہے کہ اس نے متعدد محاذوں پر یوکرین کے حملوں کو ناکام بنادیا ہے اور اس کے کم سے کم ایک درجن ٹینک تباہ کر دیے ہیں۔ یوکرین کے نائب وزیر خارجہ اینڈری میلنیک نے کہا ہے کہ ان کی برّی فوج کو مغرب سے مزید جنگی ٹینکوں، انفنٹری لڑاکا گاڑیوں اور دیگر بکتر بند گاڑیوں کی اشد ضرورت ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق برلن میں یوکرین کے سابق سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے میلنیک نے اس بات پر زور دیا کہ جرمن مسلح افواج اپنے 300 سے زیادہ ٹینکوں میں سے مزید بآسانی مہیا کر سکتی ہیں۔

جرمنی نے روس کے ساتھ تنازع میں یوکرین کی مدد کے لیے 18 لیپرڈ 2 جنگی ٹینک مارچ کے آخر میں مہیا کیے تھے۔وزیرکا کہنا تھا کہ موجودہ تعداد کو جرمنی کی اپنے دفاع کی صلاحیت کو خطرے میں ڈالے بغیر تین گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے۔اس سے قبل جرمنی نے جنوری میں یہ ٹینک مہیا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ انھیں مغربی ہتھیاروں میں سب سے بہتر سمجھا جاتا ہے۔ مئی کے آخر میں جرمنی نے کہا تھا کہ وہ یوکرین کو ٹینک بھیجنے کے نتیجے میں اپنے ختم ہونے والے اسٹاک کو پورا کرنے کے لیے 18 لیپرڈ 2 ٹینک اور 12 خود کار ہووٹزر خرید کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: Drone Attacks on Moscow روس نے ماسکو پر ڈرون حملوں کا الزام یوکرین پر عائد کیا

یوکرینی وزیرنے فوج کو مزید 60 مارڈر انفنٹری لڑاکا گاڑیاں (آئی ایف وی) دینے کا مطالبہ کیا ہے اور جرمن مسلح افواج سے درخواست کی کہ وہ پوما بکتر بند گاڑیوں (350)، باکسر بکتر بند اہلکاروں کے کیریئر (400)، فوچ بکتر بند ٹرانسپورٹ گاڑیاں (900) یا "فینیک" بکتر بند جاسوس گاڑیاں (220) کے اسٹاک کا دس فی صد یوکرین منتقل کریں۔ انھوں نے اس مطالبے کا بھی اعادہ کیا کہ جرمنی ٹورس کروز میزائل مہیا کرے اور یوکرین کی ایک طاقتور فضائیہ کی تعمیر میں مدد کرے۔ یوکرین اور روس کی افواج کے درمیان وسیع علاقوں پر پھیلے ہوئے متعدد محاذوں پر شدید جھڑپوں کے ایک روز بعد وزیر نے جرمنی سے بھاری ہتھیار مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یوکرینی صدر ولودی میر زیلنسکی نے ہفتے کے روز اعتراف کیا تھا کہ یوکرین کی فوج 'جوابی اور دفاعی' کارروائیاں کر رہی ہے اور انھوں نے روس کے زیر قبضہ بہت سے دیہات کو واگزار کرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.