ETV Bharat / international

امریکہ نے فیصلہ کرلیا ہے اب ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہندوستان ہوگا:عمران

author img

By

Published : Aug 12, 2021, 1:15 PM IST

Updated : Aug 12, 2021, 3:10 PM IST

اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر غیر ملکی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ 'میرے خیال میں امریکیوں نے فیصلہ کرلیا ہے اب ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہندوستان ہوگا اور میرے خیال میں اسی وجہ سے پاکستان کے ساتھ مختلف طرح سے سلوک کیا جارہا ہے'۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ صورتحال میں افغانستان میں ایک سیاسی تصفیہ مشکل لگ رہا ہے۔

امریکہ پاکستان کو افغانستان میں صرف گندگی صاف کے لیے کارآمد سمجھتا ہے: عمران خاں
امریکہ پاکستان کو افغانستان میں صرف گندگی صاف کے لیے کارآمد سمجھتا ہے: عمران خاں

امریکہ کے پاکستان کو کئی معاملے میں نظرانداز کئے جانے سے خفا پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ پاکستان کو صرف اس 'گندگی' کے تناظر میں کارآمد سمجھتا ہے جو وہ 20 سال سے جاری لڑائی کے بعد افغانستان میں چھوڑ کر جارہا ہے۔

ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ایسے میں کہ جب عسکریت پسندوں اور افغان حکومت کے مابین مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور افغانستان میں پر تشدد کارروائیاں بڑھ چکی ہیں، واشنگٹن اسلام آباد پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ ایک امن معاہدہ کرانے کے لیے طالبان پر اپنا اثر رسوخ استعمال کرے۔

اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر غیر ملکی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 'پاکستان کو صرف یہ گندگی ٹھکانے لگانے کے تناظر میں کارآمد سمجھا گیا ہے جو گندگی 20 سال سے ایک فوجی حل تلاش کرنے کی کوشش میں پیچھے چھوٹ گئی ہے جبکہ اس مسئلے کا کوئی عسکری حل تھا ہی نہیں'۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد افغانستان میں طرف داریاں نہیں کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میرے خیال میں امریکیوں نے فیصلہ کرلیا ہے اب ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہندوستان ہوگا اور میرے خیال میں اسی وجہ سے پاکستان کے ساتھ مختلف طرح سے سلوک کیا جارہا ہے'۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ صورتحال میں افغانستان میں ایک سیاسی تصفیہ مشکل لگ رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب طالبان کسی تصفیے پر پہنچنے کے لیے پاکستان کے دورے پر آئے تھے اس وقت انہوں نے ان کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی۔وزیراعظم کے مطابق طالبان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 'معاملہ یہ ہے کہ جب تک صدر اشرف غنی یہاں موجود ہیں وہ افغان حکومت سے بات چیت نہیں کریں گے'۔

واضح رہے کہ طالبان اشرف غنی اور ان کی حکومت کو امریکی کٹھ پتلی سمجھتے ہیں، ان کے اور افغان مذاکراتی ٹیم کے درمیان بات چیت کا آغاز گزشتہ برس ستمبر میں ہوا تھا لیکن اس میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہ ہوسکی۔امریکہ سمیت متعدد ممالک کے نمائندے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جنگ بندی کرانے کی آخری کوشش کے طور پر دونوں فریقین سے بات چیت کررہے ہیں۔

امریکی افواج نے طالبان کی پیش قدمی کے خلاف افغان فورسز کی مدد کے لیے فضائی حملے جاری رکھے ہیں لیکن یہ واضح نہیں کہ کیا 31 اگست کے بعد بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔'

اسی کے ساتھ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان واضح کرچکا ہے کہ وہ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد ملک میں کوئی امریکی فوجی اڈہ نہیں چاہتا۔

مزید پڑھیں:

واضح رہے کہ امریکہ سال 2001 میں طالبان کی حکومت ختم کرنے کے 20 سال بعد 31 اگست کو اپنی افواج افغانستان سے نکال لے گا لیکن جیسا کہ امریکہ جارہا ہے آج طالبان اس وقت سے کہیں زیادہ علاقے پر قابض ہیں۔

یو این آئی۔

Last Updated : Aug 12, 2021, 3:10 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.