ETV Bharat / entertainment

Bollywood Actor Rajiv Kapoor کامیاب باپ کا ناکام بیٹا راجیو کپور

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 25, 2023, 12:25 PM IST

ا
ا

راجیو کپور نے 10 سالہ فلمی کریئر میں صرف 13 فلموں میں کام کیا جن میں 12 فلاپ رہیں۔ Bollywood Actor Rajiv Kapoor Birth Anniversary Today

ممبئی: سُپر اسٹار راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے، رندھیر اور رِشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور کی پیدائش 25 اگست 1962 کو ہوئی تھی۔ فلموں میں ان کی آمد 1983 کی فلم ’’ایک جان ہیں ہم‘‘ سے ہوئی تھی۔ تاہم راجیو کپور کو شہرت راج کپور کی بطور ڈائریکٹر آخری فلم رام تیری گنگا میلی (1985) سے ملی۔ یہ ان کے کیریئر کی واحد سپر ہٹ فلم تھی۔ انہوں نے اپنے 10 سالہ فلمی کریئر میں محض 13 فلموں میں کام کیا جن میں سے 12 فلاپ رہیں۔ ساتھ ہی ان کی ہٹ فلم ’رام تیری گنگا میلی‘ کی کامیابی کا سہرا بھی فلم کی اداکارہ منداکنی کے سر باندھا گیا۔

راجیو کپور کی دیگر فلموں میں آسمان (1984)، لور بوائے (1985)، زبردست (1985) ، ہم تو چلے پردیس (1988) زبردست ، میرا ساتھی ، لاوا ، پریتی ، زلزلہ، شکریہ، ناگ ناگین اور زمیدار شامل ہیں۔ سال 1990 کی دہائی میں اداکاری کی بجائے راجیو کپور کی ساری توجہ فلم ڈائریکشن اور پروڈکشن پر مرکوز ہو گئی۔ پہلے 1991 میں اپنے بھائی رندھیر کپور کی فلم حنا میں پروڈیوسر کے طور پر کام کیا جبکہ 1996 میں فلم پریم گرنتھ کی ہدایت کاری کی جس میں مرکزی کردار ان کے بڑے بھائی رشی کپور نے نبھایا تھا۔

انہوں نے منداکنی، کِیمی کاٹکر، امریتا سنگھ، وجیتا پنڈت، پدمنی کولہا پوری، میناکشی شیشادھری، ڈمپل کپاڈیا، دویا رانا، رتی اگنی ہوتری اور ٹینا منیم کے ساتھ کام کیا۔ 1998 میں انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا جسے انہوں نے آر کے بینر کی جانب سے قبول کیا۔ وہ 1999 میں فلم ’’آ اب لوٹ چلیں‘‘ کے پروڈیوسر بھی تھے جس کے بعد انہوں نے بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

مزید پڑھین: raj kapoor death anniversary: آج بھی دلوں پر راج کرتے ہیں راج کپور

راجیو کپور کا فلمی سفر اچھا نہیں رہا اور ان کی ذاتی زندگی بھی مصائب سے دو چار رہی۔ رام تیری گنگا میلی کے بعد راجیو اور ان کے والد راج کپور کے تعلقات میں تلخی آ گئی۔ راجیو کو یقین تھا کہ اس کے والد نے انہیں صحیح طریقے سے لانچ نہیں کیا تھا۔ راجیو نے سال 2001 میں آرتی سبھروال سے شادی کی، لیکن وہ اپنی شادی شدہ زندگی میں کبھی خوش نہیں رہے۔ شادی کے دو سال مکمل ہونے سے پہلے ہی 2003 میں آرتی اور راجیو کی طلاق ہو گئی۔ اس کے بعد سے راجیو کپور تنہا زندگی گزار رہے تھے۔

انتقال سے قبل راجیو کپور نے فلموں میں واپسی کا اعلان کیا تھا اور ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر کی فلم میں کردار ادا کرنا تھا۔ اس فلم کا اعلان دسمبر 2020 میں ہوا تھا اور مرکزی کردار سنجے دت ادا کر رہے ہیں۔ آخری بار راجیو کپور اپنے خاندان سے کرسمس کے موقع پر ملے تھے جس کی تصاویر کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔ راجیو کپور کا انتقال 9 فروری 2021 کو 58 سال کی عمر میں ہوا۔

ایجنسی: یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.