ETV Bharat / business

Stock Market Updates اسٹاک مارکیٹ ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر

author img

By

Published : Feb 14, 2023, 7:22 PM IST

اسٹاک مارکیٹ ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر
اسٹاک مارکیٹ ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر

عالمی مارکیٹ میں آئی تیزی سے پرجوش سرمایہ کاروں کی جانب سے مقامی سطح پرآئی ٹی سی، ریلائنس، ٹاٹا اسٹیل، آئی سی آئی سی آئی بینک اور ایس بی آئی جیسی بڑی کمپنیوں میں ہونے والی خریداری کی بدولت آج شیئر بازار تقریباً ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ممبئی: امریکہ میں مہنگائی کے اعدادوشمار جاری ہونے سے قبل عالمی مارکیٹ میں آئی تیزی سے پرجوش سرمایہ کاروں کی جانب سے مقامی سطح پرآئی ٹی سی، ریلائنس، ٹاٹا اسٹیل، آئی سی آئی سی آئی بینک اور ایس بی آئی جیسی بڑی کمپنیوں میں ہونے والی خریداری کی بدولت آج شیئر بازار تقریباً ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ بی ایس ای کا 30 حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس 600.42 پوائنٹس یعنی 0.99 فیصد چھلانگ لگا کرتقریباً ایک ماہ بعد 61 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح کے پار 61032.26 پوائنٹ تک پہنچ گیا۔ اس سے پہلے یہ 18 جنوری کو 61045.74 پر تھا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 158.95 پوائنٹس یا 0.89 فیصد اضافے کے ساتھ 17929.85 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

وہیں بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کے برعکس، درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں فروخت کا دباؤ تھا۔ اس کی وجہ سے مڈ کیپ 0.44 فیصد گر کر 24471.96 پوائنٹس اور اسمال کیپ 0.61 فیصد کمزور ہوکر27761.38 پوائنٹس رہا۔ اس دوران بی ایس ای میں کل 3614 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا، جن میں سے 2205 فروخت جبکہ 1296 میں خریداری ہوئی، وہیں 113 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح این ایس ای میں 30 کمپنیاں سبز، جبکہ باقی 20 سرخ نشان پر رہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سب کی نظریں آج جاری ہونے والے امریکی مہنگائی کے اعداد و شمار پر ہیں۔ اقتصادی ماہرین کو توقع ہے کہ جنوری میں افراط زر کی شرح کم ہوکر6.2 فیصد رہ جائے گی۔ اس سے پرجوش سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری سے بین الاقوامی سطح پر تیزی کا رجحان رہا۔ اس دوران برٹین کا ایف ٹی ایس ای 0.49، جرمنی کا ڈیکس0.25، جاپان کا نکئی0.64 اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ 0.28 فیصد چڑھ گیا، جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 0.24 فیصد کی کمی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: Stock Market Ends Higher سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے کے ساتھ ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

غیر ملکی منڈیوں کے مثبت رجحان کی وجہ سے گھریلو بازار کے تئیں بھی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کا جذبہ مضبوط رہا۔ اس کی وجہ سے بی ایس ای میں نو کموڈٹیز 0.09، توانائی 0.49، ایف ایم سی جی 0.91، مالیاتی خدمات 0.72، آئی ٹی 0.97، ٹیلی کام 0.13، بینکنگ 0.85، میٹل 0.75 اور ٹیک گروپ کے حصص میں 1.00 فیصد اضافہ ہوا۔

یواین آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.