ETV Bharat / bharat

Independent Women In Baramulla بارہمولہ کی شمشادہ بیگم نے خواتین کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا

author img

By

Published : Mar 8, 2023, 1:45 PM IST

Updated : Mar 8, 2023, 2:11 PM IST

بارہمولہ کی شمشادہ بیگم نے خواتین کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا
بارہمولہ کی شمشادہ بیگم نے خواتین کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا

بارہمولہ سے تعلق رکھنے والی شمشادہ بیگم نے اپنے کاروبار کے ذریعہ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لئے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اب تک تین سو سے زائد خواتین کو خود کفیل بنایا ہے۔

بارہمولہ کی شمشادہ بیگم نے خواتین کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا

بارہمولہ: وادی کشمیر میں خواتین آہستہ آہستہ خود کفیل اور بااختیار بن رہی ہیں کیونکہ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے متعدد اسکیمیں چلائی جارہی ہیں اور ان اسکیموں کا فائدہ اٹھا کر تعلیم یافتہ خواتین اپنا کاروبار چلا رہی ہیں۔ اسی طرح شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن تحصیل سے تعلق رکھنے والی شمشادہ بیگم نے امید اسکیم کے تحت تقریباً 300 سے زائد لڑکیوں کو ٹریننگ دیکر انہیں روزگار سے جوڑا۔ شمشادہ نے بارہویں جماعت کا امتحان پاس کرنے کے بعد بوٹیک اور فیشن ڈیزاینگ کا کام شروع کیا اور سنہ 2018 میں جموں و کشمیر رورل لائیولی ہڈز مشن کی جانب سے شروع کی گئی امید اسکیم میں شمولیت اختیار کی ۔ شمشادہ نے اس کام میں مہارت حاصل کرنے کے بعد حیدر بیگ پٹن نامی علاقہ کی مارکٹ میں ایک دوکان کرایہ پر لی اور وہاں پر اپنا بوٹینک سنٹر قائم کرکے کام کی شروعات کی۔

اس موقع پر شمشادہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کٹنگ کے بارے میں بہت کم معلومات تھی، لیکن اپنے خاندان کے تعاون سے میں دہلی گئی اور جہاں سے میں نے امید سکیم کے تعاون سے فیشن ڈیزائننگ کے بارے میں ٹریننگ حاصل کی اور میں نے سخت محنت و لگن سے اس کام میں مہارت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں میری توجہ صرف خود کی مدد کرنے پر تھی۔ دہلی سے واپس آنے کے بعد میں نے اپنے بوٹیک میں کام کرنا شروع کیا اور جب میں نے حیدربیگ مارکیٹ میں ایک دوکان خرید لی تو میں نے یہ عہد کیا کہ میں اس کام کو پوری دلچسپی کے ساتھ کروں گی اور اس کاروبار کو کامیاب بناوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سی لڑکیوں کو اس کام میں ماہر بنایا ہے، جو اس وقت مختلف علاقوں میں اپنا کامیاب کاروبار کر رہی ہیں، جس سے ان کے معاشی مسائل حل ہوگئے ہیں اور ان کے گھروں میں رونق لوٹ آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں فخر سے یہ بات کہتی ہوں کہ میں نے تین سو سے زائد لڑکیوں کو تربیت دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک مہینے میں پندرہ ہزار سے بیس ہزار تک کماتی ہوں، جس سے میں اپنے گھر کو بہتر طریقے سے چلاتی ہوں۔ اس کام سے میں کافی زیادہ مطمئن ہوں اور مزید لڑکیوں کو سکھانے میں مشغول ہوں تاکہ مزید لڑکیاں خود کفیل بن کر گھر کی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے ادا کر سکیں۔

مزید پڑھیں:۔ International Women's Day عالمی یوم خواتین کے موقع پر احمد آباد کی مسلم خواتین تاجر سے خصوصی گفتگو

انہوں نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ حقوق دونوں جنس کے لیے برابر ہیں، اس لیے باہر نکلیں اور اپنی شناخت بنائیں، جس طرح ایک مرد کو کام کرنے اور کمانے کا حق دیا گیا ہے بالکل اسی طرح سے ایک عورت کو کمانے کا مکمل حق حاصل ہے لیکن ایک لڑکی کے اندر حوصلہ ہونا چاہیے تبھی ایک لڑکی اپنی زندگی میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت کے پیچھے اپنا وقت صرف کرنے سے بہتر ہے کہ وقت پر کسی سرکاری اسکیم کا فائدہ اٹھاکر اپنے کاروبار کو شروع کرکے دوسرے لوگوں کیلئے مشعل راہ بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی بہت مختصر ہے، اس لیے اپنا قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے کچھ کریں اور کامیاب زندگی گزارنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

Last Updated :Mar 8, 2023, 2:11 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.