ETV Bharat / bharat

رامپور کی تاریخی مسجد، مسجد لانسر والی

author img

By

Published : Nov 27, 2020, 1:50 PM IST

image
image

اترپردیش کے شہر رامپور میں واقع 'مسجد لانسر والی' رامپور کی قدیم مساجد میں سے ایک ہے۔ اس کا نام مسجد لانسر والی کیوں پڑا اور اس کی تاریخ کیا ہے؟ جاننے کے لیے دیکھیں ای ٹی وی بھارت کی یہ خاص رپورٹ۔

رامپور میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا آغاپور میں جہاں گروپ سینٹرل واقع ہے۔ وہاں نوابی دور میں لانسر نامی فوجی چھاونی ہوا کرتی تھی۔

لانسر کے مغرب میں تین مساجد واع ہیں جس میں پہلی مسجد لانسر والی، دوسری مسجد پیادوں والی اور تیسری مسجد گھڑ سواروں والی واقع تھیں۔

جن میں سے دو مسجدیں شہید ہو گئی تھیں اور دو میں سے اب ایک مسجد، یعنی مسجد گھڑ سواروں والی سن 2014 میں دوبارہ تعمیر کر لی گئی۔ اس طرح اب مسجد گھڑ سواروں والی اور مسجد لانسر والی باقی ہیں۔

مسجد لانسر والی سی آر پی ایف کی باؤنڈری سے باہر مغرب میں واقع ہے۔ مسجد کی پوری عمارت چھوٹی اینٹ کی ہے اور اس کی کرسی 4 فٹ بلند ہے۔ پوری مسجد پر سرخ چونے کا پلاسٹر کیا گیا ہے لیکن پلاسٹر میں کسی طرح کے نقش و نگار نہیں ہیں۔

مسجد لانسر والی

مسجد کی چھت دو ڈاٹوں اور تین محرابوں پر قائم ہے۔ یہ ڈاٹیں تین فٹ سے زیادہ چوڑی ہیں۔ اندورنی حصے کی لمبائی 29 فٹ اور چوڑائی 12 فٹ ہے۔ اس میں دو صفیں بچھائی گئی ہیں۔ جس میں چالیس افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔

مسجد کے تین محرابی دروازے ہیں جن کی محرابیں مانگدار اور گھونگھٹ والی ہیں۔ یہ مسجد سنی سینٹرل وقف بورڈ لکھنؤ میں درج ہے۔

مسجد لانسر والی کے موجودہ متولی سید مبین میاں مسجد سے متصل مکان میں ہی مقیم ہیں اور ہمہ وقت وہ مسجد کی حفاظت، تزئین اور آبادی کاری کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

مسجد کے سامنے اوپری حصہ پر چھوٹی چھوٹی محرابیں اور گمٹیاں بناکر زیبائش کی گئی ہے جبکہ مسجد کا صحن چوکور ہے۔ جس پر ٹین شیڈ ڈال کر نمازیوں کے لیے سایہ کیا گیا ہے۔

مسجد کے 65×44 فٹ کے صحن میں تقریباً 100 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ صحن میں موجود قدیم کنواں ضرورت نہ ہونے کے سبب ڈھانپ دیا گیا ہے۔

مسجد کی چھت پر تین گول گنبد تعمیر کیے گئے ہیں۔گنبدوں کے آس پاس کونوں پر چار مینار تعمیر کیے گئے ہیں۔ آگے کے دو مینار ہشت پہل اور بلند ہیں۔ پشت کے دو مینار چوکور اور قدرے پست ہیں۔

بہرحال یہ مسجد رامپور کی وراثت کا ایک اہم حصہ ہے اور شعائر اسلام بھی لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ مقامی لوگ زیادہ سے زیادہ اس مسجد سے اپنا رشتہ مضبوط کریں تاکہ وقف کی دیگر جائیدادوں کی طرح اس اثاثے کو بھی کسی سازش کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.