ETV Bharat / bharat

EXCLUSIVE: ریلوے، بھارت کی ترقی کے لیے ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا

author img

By

Published : Oct 23, 2021, 7:30 PM IST

ریلوے، بھارت کی ترقی کےلیے ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا
ریلوے، بھارت کی ترقی کےلیے ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا

مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے اور ٹیکسٹائیل درشنا جاردوش نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات کے دوران اپوزیشن پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس طویل عرصے تک اقتدار میں تھی لیکن اس دوران ملک کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ملک میں بہتر انفراسٹرکچر کے لیے تیزی سے اقدامات کرنے میں مصروف ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر ریل نے ای ٹی وی بھارت کی نامہ نگار شویتا سنگھ کو بتایا کہ ملک بھر میں 75 نئے ریلوے اسٹیشنوں کو عالمی معیار کو نظر میں رکھتے ہوئے تعمیر کیا جائے گا۔

درشنا جاردوش نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانہ پر آزادی کا مہوتسو منایا جارہا ہے جس کے تحت کئی ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’ریلوے ہماری لائف لائن ہے، جب کہ بی جے پی حکومت اسے ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا خواب ہے کہ ملک میں عالمی معیار کے ریلوے اسٹیشن ہوں، جس کے تحت سب سے پہلے گاندھی نگر ریلوے اسٹیشن کو پی پی پی ماڈل کے تحت تعمیر کیا جائے گا اور یہاں فائیو اسٹار ہوٹل بھی تعمیر کی جائے گی۔ اس طرح ملک بھر میں 75 نئے ریلوے اسٹیشن بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

ریلوے، بھارت کی ترقی کےلیے ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا

انفراسٹرکچر کے حوالے سے پچھلی حکومتوں کے اقدامات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہا کہ پہلے کی حکومتوں میں کام ہوا ہے لیکن اس کی رفتار سست تھی جبکہ مودی حکومت میں ترقیاتی کاموں کو ہدف کے تحت اور منصوبہ بند طریقے سے کیا جارہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران بھی ریلوے کی سرگرمیاں جاری رہیں، آکسیجن، پی پی ای کٹس و دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے ریلوے کی خدمات حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند کی گئی تمام روٹس کو دیوالی سے قبل کھول دیا جائے گا۔

ریلوے اسٹیشنوں پر سیکوریٹی کے حوالے سے درشنا جاردوش نے کہا کہ تمام ریلوے اسٹیشنوں کی سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی کی جارہی ہے۔ تمام اسٹیشنوں پر ویکسینیشن سنٹرز کو بھی قائم کیا گیا ہے اور یہاں آنے والے سیاحوں کا ٹسٹ بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات اور مہاراشٹرا کے درمیان بلٹ ٹرین منصوبہ وزیراعظم مودی کا خواب ہے، جس پر تیزی سے کام کیا جارہا تھا تاہم اب یہ معاملہ مہاراشٹرا میں رکا ہوا ہے۔ اس معاملے کے حل اور بلٹ ٹرین کے کاموں کے آغاز سے متعلق پوچھے جانے پر مرکزی وزیر نے بتایا کہ بلٹ ٹرین کا کام تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلہ میں مہاراشٹرا حکومت سے بات چیت کی جارہی ہے۔ ہمارے منصوبے کے تحت 2024 سے قبل احمدآباد سے عمرگام تک بنیادی ڈھانچہ کو تیار کرلیا جائے گا۔

مرکزی وزیر سے سوال کیا گیا کہ ’جموں سے لداخ تک براہ راست ٹرینیں کب سے چلائی جائیں گی؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ’اس کے لیے 2023 کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ذاتی طور پر بارہمولہ ٹریک کا جائزہ لینے کے لیے گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرینگر سے بانہال ٹریک پر کام تیزی سے جاری ہے اور کشمیر میں جاری ریلوے کے کاموں کی تکمیل پوری وادی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔

جب درشنا جاردوش سے دریافت کیا گیا کہ حکومت نجی کاری پر کس طرح غور کررہی ہے؟ جب کہ اپوزیشن ریلوے کی نجی کاری پر سوال اٹھارہی ہے اور اسے قومی اثاثہ قرار دیا جارہا ہے؟ اس پر مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس طویل عرصے تک اقتدار میں تھی لیکن اس نے کچھ نہیں کیا، جبکہ مودی حکومت نئے آئیڈیاز کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جس پر اپوزیشن کی جانب سے سوال اٹھائے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اگر ریلوے ٹریک پر کسی دوسرے شخص کی ٹرین چلے گی تو اس سے ریلوے کی جائیداد کم نہیں ہوگی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.