ETV Bharat / bharat

ملکھا سنگھ کے انتقال پرپنجاب میں یک روزہ سوگ کا اعلان

author img

By

Published : Jun 19, 2021, 5:19 PM IST

Amrindar Singh
امرندر سنگھ

ملکھا سنگھ نے تین اولمپکس (1956 میلبورن، 1960 روم اور 1964 ٹوکیو) میں حصہ لیا۔ حکومت ہند نے کھیل کی دنیا میں ان کے تعاون کے لیے ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہری ایوارڈ پدم شری سے نوازا۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے عظیم ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔

کیپٹن امریندر سنگھ نے ملکھا سنگھ کی آخری رسوم سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ ریاست میں یک روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا ہے۔

ملکھا سنگھ نے کل شب پی جی آئی میں کووڈ سے لڑتے ہوئے آخری سانس لی۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کا بیٹا جیو ملکھا سنگھ مشہور گولفر ہیں۔

اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ'ملک کے اعلیٰ ایتھلیٹ جنہوں نے بھارت کے لیے ایشیائی اور دولت مشترکہ کھیلوں میں متعدد تمغے جیت کر ملک اور پنجاب کا نام روشن کیا ہے، کے چلے جانے سے مجھے ذاتی طور پر بہت دُکھ ہوا ہے۔ پنجاب کو اپنے اس عظیم ایتھلیٹ پر ہمیشہ فخر رہے گا۔

فلائنگ سکھ کے نام سے مشہور ملکھا سنگھ اولمپک فائنل میں پہنچنے اور دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈمیڈل جیتنے والے ملک کے پہلے ایتھلیٹ تھے۔ وہ سو کروڑ سے زیادہ آبادی والے ملک ہندوستان کے آئیکونک کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 1960 کے روم اولمپک کی 400 میٹر دوڑ میں چوتھا مقام حاصل کیا تھا۔ 1958 کے کارڈف کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے علاوہ 1958 کے ٹوکیو ایشیائی کھیل اور 1962 کے جکارتہ ایشیائی کھیل میں دو، دو گولڈ میڈل جیتے۔

ملکھا سنگھ نے تین اولمپکس (1956 میلبورن، 1960 روم اور 1964 ٹوکیو) میں حصہ لیا۔ حکومت ہند نے کھیل کی دنیا میں ان کے تعاون کے لیے ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہری ایوارڈ پدم شری سے نوازا۔

یہ بھی پڑھیں: Milkha Singh: فلائنگ سکھ ملکھا سنگھ کا انتقال، آخری رسومات آج

کیپٹن امریندر سنگھ نے سوگوار کنبہ، دوستو اور کھیل مداحوں کے ساتھ غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کو صبر کی دعا کی۔

یاد رہے کہ ملکھا سنگھ کی اہلیہ نرمل ملکھا سنگھ کی چھ روز قبل ہی کورونا وائرس سے موت ہوئی جس کے بارے میں انہیں(ملکھا سنگھ) نہیں بتایا گیا تھا۔ وہ ان سے بات کرنے کی ضد کر رہے تھے۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.