ETV Bharat / state

Killings in Kashmir : عسکری کارروائیوں کے دوران اگست میں 11افراد ہلاک

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 4, 2023, 7:01 PM IST

جموں و کشمیر پولیس کے مطابق رواں برس اب تک مختلف عسکری کارروائیں کے دوران 71افراد ہلاک ہوئے، گزشتہ ماہ - اگست - کے دوران گیارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں آٹھ عسکریت پسند، تین سیکورٹی اہلکار شامل ہیں۔

a
a

سرینگر (جموں و کشمیر): یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں گزشتہ ماہ صورتِحال کم و پیش پر امن رہی۔ پولیس کی جانب سے فارہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس ہلاکتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، وہیں اگست مہینے میں صرف 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’’سال 2023 میں اب تک جموں و کشمیر میں مختلف عسکری کارروائیوں کے دوران 71 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں 46 عسکریت پسند، 16 سیکورٹی فورسز اہلکار جبکہ نو (9) عام شہری شامل ہیں۔‘‘

پولیس افسر کے مطابق رواں برس سب سے زیادہ ہلاکتیں جون ماہ میں ہوئیں، جون میں 14 عسکریت پسند ہلاک کیے گئے وہیں ایک سیکورٹی فورسز اہلکار کی بھی جان گئی ہے۔ جبکہ سب سے کم ہلاکتیں مارچ کے مہینے میں پیش آئی ہیں جس میں صرف ایک عسکریت پسند کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کیا ہے۔ وہیں اگست کی بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’’اگست بھی کم و پیش پر امن ہی رہا، آٹھ عسکریت پسند ہلاک کیے گئے وہیں تین سیکورٹی فورسز اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘

مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ 4 اگست کو ضلع کولگام کے ہلان جنگلاتی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم کے دوران تین فوجی مارے گئے۔ جس کے بعد کافی دیر تک علاقے کو محاصرے میں رکھا گیا لیکن عسکریت پسندوں کا سراغ نہیں لگا۔ اسی طرح 5 اگست کو جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے گنڈہ گاؤں میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں ایک نامعلوم عسکریت پسند ہلاک کیا گیا۔ اس کے پاس سے ایک اسالٹ رائفل اور مختلف دھماکہ خیز آلات برآمد کیے گئے تھے۔

6 اگست کو ایک عسکریت پسند اس وقت ہلاک کیا گیا جب سیکورٹی فورسز نے کپوارہ ضلع کے ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ مقتول نامعلوم عسکریت پسند کی لاش کے ساتھ مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ اسی طرح، 7 اگست کو ایک اور عسکریت پسند ہلاک کیا گیا جب سیکورٹی فورسز نے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا۔

مزید پڑھیں: Target Killing in Kashmir کشمیر میں رواں برس تین کشمیری پنڈت سمیت چودہ افراد ٹارگٹ کلنگ کے شکار، مرکزی حکومت

17 اگست کو سیکورٹی فورسز نے نامعلوم افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا اور اس طرح فوج اور پولیس کی مشترکہ تلاشی پارٹی نے ضلع ریاسی کے ڈھکی کوٹ کے قریب جنگلاتی علاقے میں ایک عسکریت پسند (ممکنہ طور غیر ملکی) کی لاش برآمد کی۔ اس کے پاس سے بھارتی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ 21 اگست کو ضلع پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو پاکستانی عسکریت پسندوں کو فوجیوں نے ہلاک کر دیا تھا۔ بالاکوٹ سیکٹر میں فائرنگ کے مقام پر سے ایک اے کے 47 رائفل، دو میگزین، 30 راؤنڈ، دو ہینڈ گرنیڈ اور پاکستانی نژاد کچھ ادویات برآمد ہوئیں۔

پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ ’’اگست ماہ میں عسکریت پسندوں اور اُن کے معاونین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملے درج کیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔‘‘

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.