ETV Bharat / state

Detention of Mirwaiz میرواعظ کی نظر بندی سے کشمیری عوام کے مذہبی جذبات مجروح ہو رہے ہیں، مولانا احمد سعید نقشبندی

author img

By

Published : Jun 23, 2023, 6:32 PM IST

میر واعظ محمد عمر فاروق کی نظر بندی کے دو سویں جمعہ پر تاریخی جامع مسجد میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کرکے میرواعظ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ میر واعظ 5 اگست 2019 سے مسلسل نظر بند ہیں۔

protest-against-the-detention-of-mirwaiz-at-jama-masjid-in-srinagar
میرواعظ کی نظر بندی سے کشمیری عوام کے مذہبی جذبات مجروح ہو رہے ہیں، مولانا احمد سعید نقشبندی

میرواعظ کی نظر بندی سے کشمیری عوام کے مذہبی جذبات مجروح ہو رہے ہیں، مولانا احمد سعید نقشبندی

سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق آج پورے 200 جمعتہ المبارک مکمل ہو رہے ہیں جب میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو نہ تو یہ اہم دینی فریضہ اور نہ ہی اپنی منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ انجمن اوقاف جامع مسجد نے کہا ہے کہ آج پورے دو سو جمعہ مکمل ہو رہے ہیں جب میر واعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق صاحب کو نہ تو یہ اہم دینی فریضہ اور نہ ہی اپنی منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔

انجمن اوقاف جامع مسجد نے حکام کے اس آمرانہ طرزعمل کے خلاف مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کیلئے شہر و گام سے آئے عوام جن میں خاص طور پر نوجوان اور خواتین بھی شامل تھیں، نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز لے کر اس پالیسی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے حکمرانوں کے رویے کی شدید مذمت کی اور میرواعظ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

اس موقعہ پرانجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے نائب صدر اور بزرگ خطیب و امام، مولانا احمد سعید نقشبندی نے 5 اگست2019 سے مسلسل میرواعظ کی طویل ترین نظر بندی کو لیکر سخت فکر و تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرواعظ پر قدغنوں کے سبب مرکزی جامع مسجد سرینگر کا صدہاسالہ منبرو محراب قال اللہ وقال الرسول ﷺ اور دعوت و تبلیغ کی اشاعت سے خاموش ہے بلکہ اس کے انتہائی منفی اثرات پورے کشمیری معاشرہ پر پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انجمن اوقاف کی جانب سے لگاتار اپیلوں خاص طور پر متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر جو ریاست کی تمام مقتدر دینی، تعلیمی، سماجی اور اصلاحی انجمنوں کا مشترکہ وسیع تر پلیٹ فارم ہے، کی جانب سے ماہ رمضان میں لیفٹننٹ گورنر کے نام مکتوب ارسال کرنے کے باوجود گورنر موصوف کی جانب سے منفی اور نظر انداز کرنے کا رویہ اختیار کرنا نہ صرف حد درجہ افسوسناک بلکہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

امام حی نے کہا کہ حکومت امرناتھ یاترا کے بارے میں بے حد حساس اور سنجیدہ ہے جبکہ میرواعظ صدیوں سے یاتریوں کے تحفظ اور سلامتی کے سلسلے میں نہ صرف دعا گو رہے ہیں بلکہ عوام کو ان کی مہمان نوازی اور دیکھ ریکھ کی تلقین کرتے آئے ہیں اور آج اسی میرواعظ کو اپنی منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکا جارہا ہے جو ایک المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرواعظ کی نظر بندی سے جہاں کشمیری عوام کے مذہبی جذبات بری طرح مجروح ہو رہے ہیں وہاں یہ عمل بشری حقوق اور مسلمہ جمہوری قدروں کے بھی منافی ہے جسکی مہذب دنیا میں کوئی مثال نہیں مل سکتی۔ موصوف نے توقع ظاہر کی کہ اب جبکہ عید الاضحی کی اہم ترین تقریب آرہی ہے حکام اپنے طرزعمل کو تبدیل کرکے میر واعظ کی غیر مشروط اور فوری رہائی یقینی بنائیں گے تاکہ موصوف عوام کے تئیں اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.