ETV Bharat / state

Investors Eye Kashmir جموں کے مقابلہ میں کشمیر سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح

author img

By

Published : May 18, 2023, 3:56 PM IST

محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس کو جموں و کشمیر میں سرماریہ کاری کے لیے 5,808 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں صرف 1,477 سرمایہ کاروں نے جموں صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے اراضی طلب کی ہے، جب کہ دیگر سبھی سرمایہ کار وادی کشمیر میں دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ Non Local Investment in Kashmir

a
a

سرینگر (جموں و کشمیر): دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آتے نظر آرہے ہیں۔ کشمیر میں غیر مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے یہاں صنعت کاری کا رجحان بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ ملک بھر سے محکمہ صنعت و تجارت کے پاس سرمایہ کاری کی جو تجاویز آئی ہیں، ان میں سے 75 فیصد سرمایہ کار وادی کشمیر میں اراضی کی تلاش میں ہیں۔ جموں و کشمیر انتظامیہ کے ایک سینئر افسر کے مطابق، نئے صنعتی یونٹس کے لیے مرکزی زیر انتظام خطے میں تقریباً پچاس ہزار کنال اراضی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس میں بہت سے سرمایہ کاروں نے 100 سے 200 یا اس سے زائد کنال اراضی پر صنعتی یونٹ قائم کرکے بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کی تجاویز پیش کی ہیں۔ آفیسر کا کہنا تھا کہ ’’انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ کو مئی تک 5,808 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں صرف 1,477 سرمایہ کاروں نے جموں صوبے میں اراضی طلب کی ہے، جب کہ دیگر 75 فیصد کشمیر میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ زیادہ تر نئے صنعتی یونٹس جموں کے کٹھوعہ ضلع میں اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔‘‘

آفیسر نے مزید کہا: ’’جموں اور ادھم پور میں نئی زمین کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ کشمیر صوبے کے کھنموہ، گاندربل، بانڈی پورہ وغیرہ میں زمین تلاش کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل غیر ملکی سرمایہ کار کے طور پر، دبئی کا ایمار گروپ، جو برج خلیفہ بناچکا ہے، جموں و کشمیر میں 500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ ایمار گروپ نے حال ہی میں سرینگر کے مضافاتی علاقہ سمپورہ میں 250 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک عمارت کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ یہی گروپ جموں اور سرینگر میں 150 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ایک آئی ٹی ٹاور بھی تعمیر کرنے جا رہا ہے۔

افسر نے مزید دعویٰ کیا کہ ’’صنعتی اراضی کے لیے درخواستیں سنگل ونڈو پورٹل کے ذریعے لی جا رہی ہیں۔ 5800 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 65000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ 3.12 لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں 48 ہزار کنال سے زائد اراضی پر 42 نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کی تعمیر پر کام کیا جا رہا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’’اس وقت یونین ٹیریٹری میں 37341 کنال اراضی پر اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشنز (سڈکو) اور سمال اسکیل انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ایس آئی سی او پی) کے ذریعے تیار کردہ 67 صنعتی اسٹیٹس میں 5294 صنعتی یونٹ چل رہے ہیں، جن میں 1.09 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انڈین ریلوے کنسٹرکشن انٹرنیشنل لمیٹڈ (آئی آر سی او این) اور نیشنل بلڈنگز کنسٹرکشن کارپوریشن (این بی سی سی) کے ذریعے 19 صنعتی اسٹیٹس کو ترجیحی بنیادوں پر تیار کیا جا رہا ہے۔‘‘

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.