ETV Bharat / state

ماڈل ولیج ہالسڈار میں ماڈل جیسا کچھ بھی نہیں

author img

By

Published : Sep 24, 2020, 3:17 PM IST

سنہ 2006میں ہالسڈار کو ماڈل ولیج کا درجہ دیا گیا تھا تاہم لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

جنوبی کشمیر میں حلقہ انتخاب ڈورو، ویری ناگ کے دُور دراز گاؤں ہالسڈار کو سال 2006میں اس وقت کی مخلوط حکومت کے دور میں ماڈل ولیج کا درجہ دیا گیا تھا لیکن 14 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی اس گاؤں کے لوگ بجلی، پانی اور سڑک جیسی بنیادی سہولیات کے لئے ترس رہے ہیں۔

علاقے کو ویری ناگ - کپرن سے جوڑنے والی سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے، جگہ جگہ گڑھے بن چکے ہیں جن میں جمع گندا پانی راہگیروں کے لیے باعث پریشانی ہے۔ اس ضمن میں مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ خستہ حال سڑک کے باعث طلباء اور بزرگوں کو چلنے پھرنے میں دشواریوں کے ساتھ ساتھ مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ماڈل ولیج ہالسڈار میں ماڈل جیسا کچھ بھی نہیں

مقامی لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ گاؤں میں بجلی کا نظام بھی ٹھپ ہو چکا ہے، نہ تو مناسب اور کافی ٹرانسفارمرز نصب کیے گئے ہیں اور نہ ہی بجلی ترسیلی لائنز صحیح ڈھنگ سے بچھائی گئی ہیں، ’’کئی مقامات پر بجلی کھمبوں کے بجائے بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں کے ساتھ لٹکائی گئی ہیں جس سے علاقہ میں کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بعض اوقات کئی کئی دنوں تک بجلی گُل ہو جاتی ہے۔

اگر چہ 2006 میں سرکار نے گاؤں میں کچھ اسٹریٹ لائٹس نصب کی تھیں جو دو ماہ سے زیادہ نہ چل سکیں۔

مقامی باشندوں کے مطابق سرکار نے علاقے میں دو عمارتیں تعمیر کی تھیں تاہم ابھی تک انکا افتتاح نہیں کیا گیا، اور اب عمارتیں انتہائی خستہ ہو چکی ہیں۔

اس ضمن میں ہالسڈار کی عوام نے انتظامیہ کو تنقید کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ہالسڈار صرف کاغذوں کی حد تک ہی ماڈل ولیج درج ہے۔‘‘

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.