Winter Tourism Pahalgam شدید سردی کے باوجود پہلگام سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز

author img

By

Published : Jan 12, 2023, 12:45 PM IST

Updated : Jan 12, 2023, 2:46 PM IST

winter tourism Pahalgam

ان دنوں شمالی بھارت شدید سردی کی زد میں ہے، جس سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، تاہم وادیٔ کشمیر کی سیاحتی صنعت کے لیے سردی کا موسم موزوں اور سود مند ثابت ہو رہا ہے۔ درجۂ حرارت منفی ہونے کے باوجود بھی یہاں سیاحوں کی آمد مسلسل جاری ہے۔ Jammu and Kashmir Tourism

پہلگام سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز

اننت ناگ: شدید سردی کی لہر میں سیاح وادیٔ کشمیر کے مختلف خوبصورت سیاحتی مقامات کی سیر و تفریح میں مشغول ہیں۔ اس دوران سیاح برف کی سفید چادر سے ڈھکے در ودیوار اور چیل کے درختوں اور جنگلات کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ معروف سیاحتی مقام پہلگام بھی ان دنوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ سیاح پہلگام کے حسین مقامات، بیتاب وادی، چندن واڑی اور آڑو کی برف پوش وادیوں کے حُسن سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ سرمائی سیر و تفریح کے شوقین سیاح پہلگام میں تازہ برفباری کے مناظر کا لطف لے رہے ہیں اور برف سے کھیل کر اپنی تمنا پوری کرتے ہیں۔ گزشتہ برس موسم گرما کے ساتھ ساتھ سردی کے موسم میں بھی پہلگام میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی ریکارڈ آمد ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 میں 7 لاکھ 89 ہزار 14 سیاحوں نے وادی کا رخ کیا۔ ان سیاحوں میں 5 لاکھ 23 ہزار 473 غیر کشمیری جب کہ 5323 غیر ملکی شامل تھے۔

اس دوران کشمیر کی برفباری اور سردی سے لطف اندوز ہو رہے سیاحوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'جتنا انہوں نے کشمیر کی خوبصورتی کے بارے میں سُنا تھا، یہاں آنے کے بعد معلوم ہوا کہ کشمیر اس سے کئی گنا زیادہ خوبصورت ہے۔ وہ اپنی آنکھوں سے تازہ برف باری دیکھنے کی تمنا لے کر یہاں آئے تھے اور ان کی یہ خواہش پوری ہوگئی۔ کئی روز تک مسلسل سیرو تفریح کے بعد بھی ان کا من نہیں بھرا، اس لیے وہ دوبارہ یہاں آنے کی خواہش لے کر لوٹ رہے ہیں۔

سیاح یہاں کے عام لوگوں، ہوٹل مینجمنٹ کے حسن و سلوک اور مہمان نوازی سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہاں کے لوگ کافی قدردان ہیں، ہر جگہ پر ان کی خدمت کی گئی۔ انہوں نے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں آئیں اور وادیٔ کشمیر کی خوبصورتی کا لطف اٹھائیں۔ سیاحوں کی مسلسل آمد پر سیاحت سے منسلک لوگ خاص کر ہوٹل مالکان کافی مطمئن نظر آرہے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ہوٹل مینیجر محمد شفیع کا کہنا ہے کہ تین سال بعد سیاح ان کے ہوٹل میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے لے کر کووڈ 19 لاک ڈاون تک تین برسوں تک ہوٹل مسلسل بند رہنے کے بعد وہ مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ تاہم 2022 میں سیاحوں کی یکایک اور غیر متوقع آمد سے ان کا کاروبار دوبارہ پٹری پر لوٹنے لگا ہے اور انہیں امید ہے کہ رواں برس بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محمد شفیع کا مزید کہنا ہے کہ مسلسل کئی برسوں تک بند رہنے اور لمبے عرصہ سے مرمت نہ ہونے کے سبب بیشتر ہوٹل خستہ حالی کا شکار ہوئے ہیں جس سے ہوٹلوں کی شان پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، لہٰذا متعلقہ حکام سے پر زور مطالبہ ہے کہ انہیں ہوٹلوں کی مرمت کرنے کی اجازت دی جائے۔

Last Updated :Jan 12, 2023, 2:46 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.