ETV Bharat / bharat

Bharat Jodo Yatra بھارت جوڑو یاترا قومی وحدت اور ہم آہنگی کے مقصد سے شروع کی گئی، راہل گاندھی

author img

By

Published : Jan 18, 2023, 8:54 PM IST

راہل گاندھی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے حکومت کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے بارے میں بھی خبردار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اپنی تمام پالیسیاں صرف چند صنعتکار دوستوں کو خوش کرنے کے لیے بنا رہی ہیں۔

Etv Bharat
Etv Bharat

شملہ: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ 'بھارت جوڑو یاترا' شروع کرنے کا مقصد ملک میں قومی اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے قبل ازیں راہل گاندھی کے ہماچل پردیش میں اندورا اسمبلی حلقہ کے مانسر میں داخل ہونے پر وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو، نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنی ہوتری، کانگریس کی ریاستی صدر پرتیبھا سنگھ، کابینہ کے اراکین اور کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈروں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

راہل گاندھی نے کہا کہ تقریباً چار ماہ قبل کنیا کماری سے شروع کی گئی یہ یاترا بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نفرت انگیز نظریہ کے خلاف ہے۔ اس کے علاوہ اس یاترا کے ذریعے حکومت کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے بارے میں بھی خبردار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اپنی تمام پالیسیاں صرف چند صنعتکار دوستوں کو خوش کرنے کے لیے بنا رہی ہیں۔ نوٹ بندی ہو یا جی ایس ٹی، مرکزی حکومت کے فیصلے سے مزدوروں، غریبوں اور عام آدمی کے مفاد ات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر پلیٹ فارم پر اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈروں کو پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع تک نہیں دیا جاتا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اس سے پہلے ہماچل پردیش میں بھارت جوڑو یاترا کی تجویز نہیں تھی، لیکن ہماچل کے باشندوں کے پیار کی وجہ سے یاترا کا راستہ تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا کو ملک بھر سے کافی پذیرائی ملی ہے اور انہیں بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا ہے۔

'بھارت جوڑو یاترا' مانسر ٹول پلازہ سے ضلع کانگڑا کے اندورا علاقے میں ملوٹ گاؤں تک تقریباً 24 کلومیٹر پیدل سفر کرنے کے بعد 19 جنوری کو جموں و کشمیر میں داخل ہوگی۔ ریاست پہنچنے پر ہزاروں لوگوں اور حامیوں نے راہل گاندھی کا استقبال کیا اور پورے جوش و خروش کے ساتھ یاترا میں حصہ لیا۔ راہل گاندھی پارٹی اس 3570 کلو میٹر کے پیدل سفر کے ذریعہ پارٹی کارکنوں اور عام لوگوں میں نئی آرزو اور نیا جوش پیدا کر رہے ہیں۔ یہ یاترا 7 ستمبر 2022 کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوئی اور 30 ​​جنوری 2023 کو سری نگر میں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے راہل گاندھی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی کانگریس کی شاندار جیت بدعنوانی پر سچائی کی جیت ہے اور اس کا سہرا راہل گاندھی اور پارٹی لیڈر پرینکا گاندھی کی لگن اور پرعزم کوششوں کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے ذریعے پورا ہماچل پردیش کانگریس پارٹی کی طرف سے دکھائے گئے اتحاد اور ہم آہنگی کے راستے پر چلے گا۔ وزیر اعلیٰ نے بھارت جوڑو یاترا میں ہماچل پردیش کو شامل کرنے پر راہل گاندھی کا شکریہ ادا کیا اور دیو بھومی کے دورے پر ان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سچائی سے توجہ ہٹائی جا سکتی ہے لیکن اسے شکست نہیں دی جا سکتی۔ آخر کار سچ کی جیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے لوگوں کے درمیان ملک کے حقیقی مسائل پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس کی ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ پرتیبھا سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پارٹی کے منشور میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا شروع کر دیا ہے۔ ریاستی کابینہ نے اپنی پہلی میٹنگ میں او پی ایس کی بحالی کو منظوری دی ہے۔ حکومت نے خواتین کو 1500 روپے ماہانہ دینے اور دیگر وعدوں کو پورا کرنے کی سمت میں بھی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ریاست کے عوام سے کئے گئے ہر وعدے کو پورا کرے گی۔ بعد ازاں راہل گاندھی نے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو، نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنی ہوتری، ریاستی کانگریس صدر پرتیبھا سنگھ اور دیگر معززین کے ساتھ کاٹھ گڑھ کے قدیم شیو مندر میں پوجا بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: Bharat Jodo Yatra بھارت جوڑو یاترا کا مقصد ملک میں پھیلائی جارہی نفرت کو ختم کرنا، راہل

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.