ETV Bharat / state

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں من کی بات کا ٹیلی کاسٹ، اے ایم یو کے سابق وی سی سمیت اہم شخصیات کی شرکت

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 25, 2024, 5:43 PM IST

Telecast Mann Ki Baat at Jamia Millia Islamia
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں من کی بات کا ٹیلی کاسٹ

Mann Ki Baat at Jamia Millia Islamia: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی وزیراعظم مودی کے من کی بات کے 110ویں قسط کو ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ جس میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، پروفیسر طارق منصور اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر اقبال احمد سمیت مشہور شخصیات نے شرکت کی۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں من کی بات کا ٹیلی کاسٹ

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے آکاشوانی ریڈیو پر ہر مہینے کے آخری اتوار کو نشر ہونے والے مشہور پروگرام اور قوم کے نام خطاب من کی بات سلسلے کی 110ویں اور لوک سبھا انتخابات 2024 سے قبل کی آخری قسط کا انعقاد جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سی آئی ٹی ہال میں کیا گیا۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کے اہتمام سے آج جامعہ ملیہ اسلامیہ میں منعقدہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر، بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی نائب صدر پروفیسر طارق منصور اور مہمان ذی وقار کے طور پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کارگزار شیخ الجامعہ پروفیسر اقبال احمد کے علاوہ یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹی، شعبوں اور اسکولوں کے اساتذہ، یونیورسیٹی پراکٹر دیگر افسران و کارکنان اور طلباء و طالبات بالخصوص خواتین نے شرکت کرکے پروگرام کی رونق افزائی کی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات خطابی سلسلے کی 110ویں قسط میں آج ایک بار پھر خواتین کو با اختیار بنانے کی بات کرتے ہوئے مختلف شعبہ حیات میں خواتین کے ذریعے انجام دیے جا رہے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابسطہ خواتین سے اپنی گفتگو کا نظریہ بھی پیش کیا۔

اس سلسلے میں انہوں نے زراعت کے شعبے میں ڈرون کے ذریعے فصلوں پر حشرات کش ادویات اور کھاد کا چھڑکاؤ کرنے والی ڈرون دیدی کا تعارف کراتے ہوئے پروگرام میں موجود خواتین کے جوش و خروش کو دوبالا کیا۔

اس موقع پر پی ایم مودی نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی پیش رفت کو مختلف سطحوں پر ترقی اور پیشرفت کا ذریعہ قرار دیا، نوجوانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی صلاحیتوں کو مستقبل میں نئی امیدوں کا پیش خیمہ بتایا۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے قومی تخلیق کار ایوارڈ کی وضاحت کرتے ہوئے، انہوں نے نوجوانوں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی طرف بڑھے گا۔

آج کے خطاب میں وزیر اعظم نے ہندوستان کے ثقافتی تنوع بالخصوص لسانی کثرت اور رنگا رنگی کو ملک کی ثقافتی شناخت قرار دیا، ساتھ ہی علاقائی زبانوں خصوصاً معدومیت سے دوچار زبانوں، ان کے رسم الخط کے تحفظ کی اہمیت، ان کی بولیوں اور لوک ادب کو محفوظ کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں:

اپنے خطاب کے آخری مرحلے میں، وزیر اعظم نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے ذریعے ملک کی 18ویں لوک سبھا کی تشکیل میں 18 سال کی عمر کو پہنچنے والے ملک کے نوجوانوں کو ہندوستانی جمہوریت کی عظیم ترین تقریب یعنی عام انتخابات میں اپنا ووٹ دے کر جمہوریت کو مضبوطی بخشنے اور قوت فراہم کرنے کی طرف متوجہ کیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.