ETV Bharat / state

جانئے کون ہیں چمپائی سورین، جو جھارکھنڈ کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 31, 2024, 9:22 PM IST

Who is Champai Soren چمپائی سورین ہیمنت حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے پر تھے۔ اس کے علاوہ وہ سرائی کیلا سے ایم ایل اے بھی ہیں۔

چمپائی سورین
چمپائی سورین

رانچی: وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کے استعفیٰ کے بعد چمپائی سورین جھارکھنڈ کے نئے وزیراعلیٰ ہونگے۔ انہیں قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں رہنما منتخب کیا گیا ہے۔ چمپائی سورین کو سورین خاندان کے بہت قریب سمجھا جاتا ہے۔ اس لیے ہیمنت سورین کے استعفیٰ کے بعد سورین خاندان نے ان پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔

چمپائی سورین ہیمنت حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے پر تھے۔ اس کے علاوہ وہ سرائی کیلا سے ایم ایل اے بھی ہیں۔

کون ہیں چمپائی سورین

چمپائی سورین سرائیکیلا-کھرساواں ضلع میں واقع جلنگگوڈا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ ان کے والد کا نام سیمل سورین ہے جو کھیتی باڑی کرتے تھے۔چمپائی نے دسویں جماعت تک سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کی۔

اس دوران بہار سے الگ جھارکھنڈ ریاست کا مطالبہ اٹھنے لگا۔ شیبو سورین کے ساتھ چمپائی نے بھی جھارکھنڈ کی تحریک میں شمولیت اختیار کی۔ جلد ہی وہ 'جھارکھنڈ ٹائیگر' کے نام سے مشہور ہو گئے۔ اس کے بعد چمپائی سورین نے سرائیکیلا سیٹ سے ضمنی انتخاب میں آزاد ایم ایل اے بن کر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد وہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ میں شامل ہو گئے۔

وہ بی جے پی حکومت میں وزیر بھی رہے: 2010 سے 2013 تک بی جے پی لیڈر ارجن منڈا کی 2 سال اور 129 دن کی حکومت کے دوران انہیں کابینی وزیر بنایا گیا اور انہیں اہم وزارتیں دی گئیں۔ چمپائی سورین 11 ستمبر 2010 سے 18 جنوری 2013 تک وزیر رہے۔ اس کے بعد جھارکھنڈ میں صدر راج لگا دیا گیا۔ لیکن پھر جے ایم ایم کی حکومت بنی اور انہیں خوراک، سول سپلائیز اور ٹرانسپورٹ کی وزارت کا چارج دیا گیا۔ وہ 13 جولائی 2013 سے 28 دسمبر 2014 تک وزیر رہے۔

اس کے بعد جب 2019 میں دوبارہ جے ایم ایم کی حکومت بنی اور ہیمنت سورین ریاست کے وزیر اعلیٰ بنے تو انہیں دوبارہ وزیر بنایا گیا۔ اس بار انہیں ٹرانسپورٹ، درج فہرست قبائل، درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقات کی بہبود کا وزیر بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ چمپائی سورین جے ایم ایم کے نائب صدر بھی ہیں۔ اب جب کہ سی ایم ہیمنت سورین نے زمین گھوٹالے کے معاملے میں ای ڈی کی تحقیقات کے بعد گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے، انہیں جھارکھنڈ کا نیا وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.