ETV Bharat / state

مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ میں سادھوی پرگیہ سنگھ عدالت میں غیرحاضر - 2008 Malegaon blast

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 4, 2024, 2:26 PM IST

مالیگاؤں 2008بم دھماکہ معاملہ میں سادھوی پرگیہ سنگھ  عدالت میں غیرحاضر
مالیگاؤں 2008بم دھماکہ معاملہ میں سادھوی پرگیہ سنگھ عدالت میں غیرحاضر

مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ میں خصوصی جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے این آئی اے کو سادھوی کی صحت کیفیت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

مالیگاؤں: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو آج عدالت میں حاضرہونا تھا۔ لیکن وہ آج بھی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی جس کے بعد حسب سابق اس کے وکلاء نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں داخل کرکے اس کے شدید بیمار ہونے کی اطلاع عدالت کو دی ۔جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ گذشتہ کئی سماعتوں سے ملزمہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے عدالتی کارروائی میں شدید رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔

خصوصی این آئی اے عدالت جج اے کے لاہوٹی نے تفتیشی ایجنسی این آئی اے کو حکم دیا کہ وہ ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کرکے اس کی رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔واضح رہے کہ گذشتہ کئی ماہ سے خصوصی این آئی اے عدالت سی آر پی سی کی دفعہ 313/ کے تحت ملزمین کے بیانات کا اندراج کررہی ہے،ملزمین کے بیانات اندراج کرنے کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، چند ہی گواہان کے بیانات باقی ہے، جن کی بنیاد پرملزمین سے سوالات پوچھے جائیں گے۔


گذشتہ سماعت پر عدالت نے ملزمہ کو وارننگ دی تھی، کہ اگر وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تو اس کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔ لیکن آج عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کے بجائے اس کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کرنے کا این آئی اے کو حکم دیا کیونکہ عدالت میں داخل کی گئی میڈیکل رپورٹ اوریجنل نہیں ہے، بلکہ اس کی زیراکس کاپی عدالت میں پیش کی گئی۔

ملزمین کے بیانات کے اندراج کے لیئے عدالت نے اپریل ماہ میں دس دن متعین کیا ہے اور تمام ملزمین اور ان کے وکلاء کو ایڈوانس میں تاریخ بتا دی گئی ہے، تاکہ ملزمین عدالت میں حاضر ہوسکیں، سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور سوامی سدھاکر دویدی مسلسل عدالت سے حاضر رہے ہیں جس کی وجہ سے عدالت نے ماضی میں ان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیا تھا۔ آج عدالت میں دوران سماعت این آئی اے کی جانب سے ایڈوکیٹ اویناس رسال،بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم(جمعیۃ علماء مہاراشٹر)و دیگر موجود تھے۔

مزید پڑھیں:مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ: سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری

واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ کی سماعت روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔323سرکاری گواہان کے بیانات کے اندراج کے بعد عدالت نے ملزمین کے 313 کے بیانات کا اندراج شروع کردیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.