ETV Bharat / sports

دوسرے ٹیسٹ میں جڈیجہ کی جگہ لینے والے آل راؤنڈر سوربھ کمار کون ہیں؟

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 29, 2024, 10:30 PM IST

Saurav Kumar
آل راؤنڈر سوربھ کمار

رویندر جڈجا اور کے ایل راہل چوٹ کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ جڈیجہ کی جگہ سوربھ کمار کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں سوربھ کی کارکردگی کافی اچھی رہی ہے۔

حیدرآباد: بی سی سی آئی نے سوربھ کمار کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ سوربھ کو رویندر جڈیجہ کی جگہ ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ رویندر جڈیجہ انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ریاست اترپردیش کے ضلع باغپت کے رہنے والے سوربھ کمار ایک آل راؤنڈر کھلاڑی ہیں۔

سوربھ کمار نے ابھی تک بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ اگر انہیں انگلینڈ کے خلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاتا ہے تو یہ ان کا پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ ہوگا۔ سوربھ کمار نے 68 فرسٹ کلاس میچز میں 86 اننگز میں بلے بازی کرتے ہوئے کل 2061 رنز بنائے ہیں۔ جس میں دو سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ فرسٹ کلاس میں بیٹنگ کرتے ہوئے ان کا بہترین اسکور 133 رنز کا ہے۔

سوربھ کمار نے 117 میچوں میں گیند بازی بھی کی ہے۔ جس میں انہوں نے 290 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سوربھ کا فرسٹ کلاس میں اوسط 24.41 اور اکانومی 2.76 کا ہے۔ ایک اننگز میں ان کی بہترین کارکردگی 64 رنز کے عوض 8 وکٹیں ہیں اور ایک میچ میں ان کی بہترین کارکردگی 65 رنز کے عوض 14 وکٹیں ہیں۔ سوربھ نے 2014 میں فرسٹ کلاس میچ میں ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد سے انہیں اب تک بین الاقوامی کرکٹ میں موقع نہیں ملا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، یشسوی جیسوال، شریاس آئیر، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، اکسر پٹیل، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، اویش خان، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، واشنگٹن سندر اور سوربھ کمار۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.