ETV Bharat / sports

بھارت سیریز اور رانچی ٹیسٹ میں جیت سے محض 152 رنز دور

author img

By UNI (United News of India)

Published : Feb 25, 2024, 10:34 PM IST

بھارت نے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کی دوسری اننگز کو 145 رنز پر سمیٹنے کے بعد تیسرے دن کے اختتام پر بغیر کوئی وکٹ کھوئے 40 رنز بنا لیے ہیں۔ بھارت کو یہ میچ جیتنے اور پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے لیے مزید 152 رنز درکار ہیں۔

Team India
بھارتی ٹیم

رانچی: دھرو جوریل (90) کی زبردست جدوجہد کے بعد اتوار کو چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن روی چندرن اشون کے پانچ وکٹ اور کلدیپ یادو کے چار وکٹ کی جارحانہ گیند بازی کے آگے انگلینڈ کی دوسری اننگز 145 رنز پر سمٹ گئی۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 353 رن بنائے تھے جس کے جواب میں بھارت پہلی اننگز میں 307 رن بنا سکا، جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 46 رن کی برتری حاصل ہوئی، جب کہ دوسری اننگز میں یہ برتری 191 رن ہوگئی۔

فتح کے لئے 192 رن کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 40 رن بنا لیے تھے۔ کپتان روہت شرما (24) اور یشسوی جیسوال 16 رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز کو سستے میں سمیٹنے میں اشون اور کلدیپ کے علاوہ رویندر جڈیجہ نے اہم رول ادا کیا۔ جڈیجہ کی سوجھ بوجھ والی گیند بازی نے انگلینڈ کے گیند بازوں کو دباؤ میں ڈالا جس کا فائدہ دوسرے سرے پر اشون اور کلدیپ کو ہوا۔

اشون نے بھارتی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کا نیا عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔ انہوں نے بھارت میں کھیلے گئے اپنے 59 ٹیسٹ میچوں میں 354 وکٹ لے کر یہ نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ اس سے قبل بھارتی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کا ریکارڈ انیل کمبلے کے نام تھا جنہوں نے 63 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 350 وکٹ حاصل کیے تھے۔

بھارت نے دونوں سروں پر اسپن کرکے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ بین ڈکٹ (15) نے تیز رفتار اننگز میں دو چوکے لگا کر بھارت کے اسپن اٹیک کو تہنس نہس کرنے کی ناکام کوشش کی جس کی قیمت انہیں اپنا وکٹ گنوا کر ادا کرنی پڑی۔

اشون نے اگلی ہی گیند پر انگلینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا جب اولی پوپ کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔ نمبر تین بلے باز نے ڈی آر ایس کا انتخاب کیا، لیکن ری پلے میں گیند اسٹمپ سے ٹکراتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کو دوبارہ پٹری پر لانے کی ذمہ داری جیک کرولی (60) اور جو روٹ (11) پر تھی۔ کرولی نے ایک اوور میں تین چوکے اور پھر اگلے اوور میں ایک اور چوکا لگا کر اشون کو پریشان کیا لیکن وہ ہوشیاری سے گیند بازی کرتے رہے جس کے نتیجے میں انہیں جو روٹ کا قیمتی وکٹ ملا۔

انگلش اوپنر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن ان کی خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی کیونکہ کلدیپ نے انہیں 60 رن پر کلین بولڈ کر کے اپنا پہلا وکٹ حاصل کیا۔ لیگ اسپنر نے چائے کے وقفے سے چند منٹ قبل کپتان بین اسٹوکس کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

جونی برسٹو (30) سر جڈیجہ کی اسپن میں الجھ کر اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ پچھلے بلے بازوں میں بین فاکس (17) نے نئے بلے باز شعیب بشیر (1) کے ساتھ کچھ دیر ہندوستانی اسپن کا سامنا کیا لیکن تجربہ کار اشون نے دونوں کو یکے بعد دیگرے چلتا کرکے انگلینڈ کی برتری کو 200 رن تک پہنچانے کے ارادے کو ناکام بنا دیا۔

میچ کے چوتھے دن ٹیسٹ میچ کے نتائج کا اعلان یقینی ہے۔ اگر ہندوستان کھیل کے پہلے سیشن کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو میچ کا نتیجہ ہندوستان کے حق میں آنا یقینی ہے لیکن انگلینڈ کے گیند بازوں کی کوششیں چٹکی پچ پر ہندوستانی اننگز کو پٹری سے اتارنے کی ہوں گی۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.