ETV Bharat / sports

سرفراز خان ڈیبیو: بیٹے کی محنت رنگ لائی اور ایک والد کا خواب سچ ہوگیا

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 15, 2024, 5:53 PM IST

Updated : Feb 16, 2024, 3:17 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

Sarfaraz Khan Test Debut طویل انتظار کے بعد سرفراز خان اور ان کے والد نوشاد احمد کا خواب اس وقت حقیقت میں بدل گیا جب سرفراز خان کو انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ سرفراز خان نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں 66 گیند میں 62 رنز بنائے جس میں 9 چکے اور ایک چھکا شامل ہے۔

حیدرآباد: ممبئی کے مشہور وانکھیڑے اسٹیڈیم کے اندر ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے دفتر میں ایک ایسا بورڈ آویزاں ہے جو بھارت کی نمائندگی کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو پیش کرتا ہے۔ اس بورڈ پر جمعرات کو سرفراز خان کا نام بھی درج ہوگیا، جس میں آنجہانی اجیت واڈیکر، سنیل گواسکر، سچن تندولکر، ونود کامبلی، پروین امرے، اجیت اگرکر، روی شاستری، سندیپ پاٹل جیسے نام شامل ہیں۔

سرفراز خان کا ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو

یہ 26 سالہ سرفراز اور ان کے والد نوشاد احمد کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے، جنہوں نے ایک ساتھ اس دن خواب دیکھا تھا اور طویل عرصے تک اس دن کا انتظار بھی کیا۔ بالآخر ان کا خواب جمعرات کو راجکوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں صبح سویرے سچ ثابت ہوگیا۔ سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے کے ہاتھوں سے سرفراز خان کو ڈیبیو کی باوقار کیپ دی گئی، جس کے بعد ان کے والد نوشاد احمد اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے اور روتے ہوئے انڈیا کیپ اور سرفراز کو گلے لگا کر بوسہ دیا۔

ڈیبیو کیپ دیتے وقت تجربہ کار اسپنر انل کمبلے نے سرفراز کو کہا کہ "آپ پر بہت فخر ہے، جس طرح سے اور جس دور سے آپ گزرے ہیں مجھے یقین ہے کہ آپ کے والد اور آپ کے خاندان کو اس پر بہت فخر ہوگا جو آج آپ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔"

انل کمبلے کی جانب سے سرفراز خان کو ٹیسٹ ڈیبیو کیپ پیش کرنے کی ویڈیو بی سی سی آئی نے ایکس پر پوسٹ کی۔ جس میں اکمبلے کہہ رہے ہیں کہ "میں جانتا ہوں کہ آپ نے بہت محنت کی ہے، کچھ مایوسی بھی ہوئی تھی، لیکن اس کے باوجود آپ نے ڈومیسٹک سیزن کے دوران جتنے بھی رنز بنائے وہ آپ کے لیے بہت اچھے تھے اور مجھے یقین ہے کہ آج آپ کے پاس بہت سی شاندار یادیں ہوں گی۔ آپ سے پہلے صرف 310 لوگ اس مقام تک پہنچے ہیں، یہ لمحہ آپ کے لیے بہت اہم اور فخریہ ہے۔"

سرفراز خان کا تعلق ریاست اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ سے ہے لیکن ان کے والد اپنے بچوں کا کرکٹ کی دنیا میں بہتر مستقبل بنانے کے لیے ریاست مہاراشٹر منتقل ہوگئے۔ جس کے بعد سے سرفراز خان اور اس کا چھوٹا بھائی مشیر خان ممبئی کے لیے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں متعدد مواقع پر ممبئی کی ٹیم سرخ اور سفید گیند سے شاندار کرکٹ کھیلی ہے۔

کھیل سے ان کی محبت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کوویڈ 19 کے دور میں جب پورا ملک لاک ڈاؤن میں تھا اور کھیلوں کی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی تھیں تو اس وقت سرفراز خان اور اس کا چھوٹا بھائی اپنے آبائی گاؤں میں والد کے ساتھ گھر میں مشق کر رہے تھے۔

ممبئی کے سابق کوچ ونائک سمانت جن کے ماتحت سرفراز کھیل چکے ہیں، انھوں نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا کہ سرفراز کو ایک ذہین اور محنتی کھلاڑی ہے۔ وہ سیشن بہ سیشن کھیلے گا اور یہ بھی دیکھے گا کہ اس سے اور ٹیم کو کس طرح فائدہ ہوتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ انگلش گیندبازی کا سامنا کرنا اس کے لیے ایک چیلنج ہوگا، لیکن وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔"

سرفراز خان 12 سال کی عمر سے ہی سرخیوں میں ہیں جب انہوں نے ہیرس شیلڈ، ایک باوقار انٹر اسکول ٹورنامنٹ میں 56 چوکے اور 12 چوکے لگا کر 439 رنز کا سب سے زیادہ منفرد اسکور کا ریکارڈ توڑا۔ اس وقت یہ سرفراز کے لیے صرف شروعات تھی، جس نے ممبئی کے میدانوں میں اپنے والد کی رہنمائی میں دن رات محنت کی۔ اس کے بعد سرفراز خان عمر کے اسٹیج پر کرکٹ کھیلنا شروع کیا اور بالآخر 28 دسمبر 2014 کو کولکتہ کے مشہور ایڈن گارڈنز میں بنگال کے خلاف ممبئی کے لیے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔

اس کے بعد انہیں انڈین پریمیئر لیگ کے لیے بھی منتخب کیا گیا اور پھر ہر مرحلے میں وہ شاندار رنز اسکور کرتے رہے اور قومی ٹیم میں سلیکشن کے لیے سلیکٹرز کا دروازا کھٹکھٹاتے رہے۔ سرفراز نے 45 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں جس میں 14 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انھوں نے کل 3,912 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ 301 رنز ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

سرفراز خان کے سفر میں بے شمار چیلنجز آئے لیکن انھوں نے ان پر نا صرف قابو پایا ابلکہ بہادری کے ساتھ لڑا اور اپنے ادھورا خواب کو پورا کرنے میں مصروف رہا۔ بلآخر والد اور بیٹے کی محنت رنگ لائی اور سرفراز کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا گیا۔ اس میچ میں سرفراز نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 66 گیند میں 62 رنز بنائے جس میں 9 چکے اور ایک چھکا شامل ہے۔

Last Updated :Feb 16, 2024, 3:17 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.