ETV Bharat / sports

دوسرے ٹیسٹ میں بھی نیوزی لینڈ کو شکست، آسٹریلیا کا سیریز پر قبضہ

author img

By UNI (United News of India)

Published : Mar 11, 2024, 3:13 PM IST

AUS Vs NZ 2nd Test
ایلکس کیری اور کپتان پیٹ کمنس

AUS Vs NZ 2nd Test آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو تین وکٹ سے شکست دے کر سیریز پر قبضہ کر لیا ہے۔ ایلکس کیری کے 98 رنز اور آل راؤنڈر مچل مارش کے ساتھ 140 رنز کی اہم شراکت داری نے آسٹریلیا کو کرائسٹ چرچ میں سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیے۔

کرائسٹ چرچ: ایلکس کیری کے ناٹ آؤٹ 98 رن اور مچل مارش کی 80 رن کی شاندار نصف سنچری کی بدولت دوسرے ٹیسٹ میچ میں 77 رن پر چار وکٹ گنوانے کے بعد مشکلات سے دوچار آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ پر تین وکٹ سے فتح درج کرتے ہوئے سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔

آج ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن صبح کے سیشن میں آسٹریلیا نے 25 رن پر ٹریوس ہیڈ کا وکٹ گنوا دیا اور ایسا لگ رہا تھا کہ یہاں آسٹریلیا کی جیت مشکل ہوگی۔ لیکن اس کے بعد ایلکس کیری اور مچل مارش نے تحمل کے ساتھ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹے وکٹ کے لیے 140 رنز کی شراکت داری کرکے میچ کو آسٹریلیا کی طرف موڑ دیا۔

مچل مارش نے 102 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رن بنائے۔ وہ سیئرز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سیئرز نے مچل اسٹارک کو صفر پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو ایک بار پھر مشکل میں ڈال دیا۔

اسٹارک کے جانے کے بعد کپتان پیٹ کمنس نے ذمہ داری سنبھالی اور ایلکس کے ساتھ 61 رن جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ایلکس نے 123 گیندوں پر 25 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ جبکہ پیٹ کمنس نے 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا نے 65 اوورز میں سات وکٹوں پر 281 رن بنائے اور میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے چار وکٹ حاصل کیئے۔ میٹ ہنری کو دو وکٹ ملے جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں راچن رویندرا کے 82 رنز، ٹام لیتھم کے 73 رنز، کین ولیمسن کے 51 رنز اور اسکاٹ کوگیلین کے 44 رنز کی مدد سے 372 رن بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 279 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے چار وکٹ حاصل کئے۔ نیتھن لیون کو تین وکٹ ملے۔ مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور کیمرون گرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 77 رنز پر چار وکٹ گنوا کر جد و جہد کر رہی تھی۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بالنگ کرنے کے کپتان پیٹ کمنز کے فیصلہ کو درست ثابت کیا۔ جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک کی شاندار بالنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 162 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

صبح کے سیشن میں بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے 84 رن پر پانچ وکٹ گنوا دیئے۔ ہیزل ووڈ نے اوپنر ٹام لیتھم کو 38 رن پر آؤٹ کیا، ول ینگ نے 14 رن بنائے اور انہیں مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔

کین ولیمز کو 17 رنز، راچن رویندرن کو چار اور ڈیرل مچل کو چار رنز پر پویلین بھیجا گیا۔ ٹام بلنڈیل 22 رنز، گلین فلپس دو رنز، میٹ ہنری 29 رنز، کپتان ٹم ساؤتھی 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45.2 اوورز میں 162 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ نے پانچ وکٹ حاصل کئے۔ مچل اسٹارک نے تین وکٹ جبکہ پیٹ کمنز اور کیمرون گرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی آسٹریلیا کی شروعات بھی خراب رہی اور 32 کے اسکور پر اس کے دو وکٹ گر گئے۔

اسٹیون اسمتھ 11 رن ، عثمان خواجہ 16 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹریوس ہیڈ 21 اور کیمرون گرین 25 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مارنس لیبوشین نے 90 رن کی اننگز کھیلی۔ نیتھن لیون 20 رنز ، ایلکس کیری 14 رنز ، مچل اسٹارک 28 رنز اور کپتان پیٹ کمنز 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 256 رنز بنا سکی۔ تاہم اسے پہلی اننگز کی بنیاد پر 94 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے سات وکٹ حاصل کئے۔ ٹم ساؤتھی، بین سیئرز اور گلین فلپس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.