ETV Bharat / jammu-and-kashmir

پارلیمانی انتخابات سے قبل مودی کا کشمیر دورہ متوقع

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 12, 2024, 12:19 PM IST

Prime Minister Narendra Modi Likely To Visit Kashmir: وزیر اعظم نریندر مودی یونین ٹیریٹری کے دورے کے دوران ریل بارہمولہ - ادھمپور ریل پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے، تاہم ان کے دورے سے متعلق ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ یا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

پارلیمانی انتخابات سے قبل مودی کا کشمیر دورہ متوقع
پارلیمانی انتخابات سے قبل مودی کا کشمیر دورہ متوقع

سرینگر (جموں کشمیر): ملک میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر اور جموں کے دورے کا امکان ہے جس دوران وہ تعمیری پروجیکٹس بالخصوص جموں - سرینگر ریل لائن کا افتتاح بھی کریں گے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا جموں کشمیر کا چھٹا دورہ ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ 20 فروری کو نریندر مودی جموں میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے جس دوران میں وہ سرینگر - جموں ریل لائن کا افتتاح کرنے کے علاوہ کئی ترقیاتی پروجیکٹس کا سنگ بنیاد یا افتتاح بھی کرنے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مودی سرینگر کا بھی دورہ کر سکتے ہیں، تاہم ابھی تک اس ضمن میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ اس سے قبل مودی جموں و کشمیر پانچ مرتبہ آ چکے ہیں۔ یاد رہے کہ سرینگر جموں ریل لائن ضلع ریاسی کے کھڑی گاؤں تک مکمل ہو چکی ہے اور آنے والے ہفتوں میں اس پر ریل چل سکتی ہے۔ تاہم کٹرہ تک ریل لائن ابھی زیر تعمیر ہے۔ اس ریل لائن کو مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، لیکن یہ مارچ تک مکمل نہیں ہو پائے گی۔ ریل حکام کا کہنا ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں ریل لائن مکمل ہوگی جس کے بعد یہ بارہمولہ سے ادھمپور تک عوام کو دستیاب رہے گی۔

وزیر اعظم بننے کے بعد مودی نے 8 دسمبر سنہ 2014 میں جموں کا دورہ کیا تھا جب پی ڈی پی اور بی جے پی نے مخلوط سرکار بنائی تھی اور مرحوم وزیر اعلیٰ مفتی سعید اور اسکی کابینہ نے حلقے لیا تھا۔ اس کے بعد 7 نومبر سنہ 2015 میں مودی نے سرینگر کا دورہ کیا تھا اور یہاں انہوں نے سیلاب متاثرین کے لئے 80 ہزار کروڑ روپے سیلاب پکیج کا اعلان کیا تھا۔ یاد رہے کہ 7 ستمبر 2014 کو کشمیر میں بڑا سیلاب آیا تھا جس سے یہاں کافی تباہی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: Amit Shah Jammu Rally امیت شاہ کا دورہ جموں و کشمیر، سیکورٹی کے سخت انتظامات

مئی سنہ 2018 میں مودی نے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں زوجیلا ٹنل کے تعمیری پروجیکٹ کی سنگ بنیاد رکھی تھی اور سرینگر - گاندربل رنگ روڈ کی بنیاد بھی رکھی تھی۔ سنہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں مودی نے اپریل میں کٹھوعہ، جموں اور سرینگر میں عوامی ریلیز سے خطاب کیا تھا۔ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد مودی نے 24 اپریل سنہ 2022 میں سانبہ کے ایک گاؤں ’پلی‘ میں ایک عوام ریلی سے خطاب کیا تھا۔ اس دوران بھی مودی نے کئی تعمیری پروجیکٹس کا افتتاح کیا تھا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.