ETV Bharat / jammu-and-kashmir

بندوق کی نوک پر دائمی امن قائم نہیں کیا جا سکتا: وحید پرہ - Lok Sabha Election 2024

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 6, 2024, 6:48 PM IST

PDP Election Rally in Pulwama: جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پی ڈی پی کی جانب سے ریلی اور روڈ شوز کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی لیڈران نے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔

وحید الرحمان پرہ
وحید الرحمان پرہ (ای ٹی وی بھارت)

پی ڈی پی کی جانب سے پلوامہ میں الیکشن ریلی منعقد (ای ٹی وی بھارت)

پلوامہ (جموں کشمیر): ’’یہاں (کشمیر میں) بندوق کی نوک پر، گھٹن اور جیلوں کی وجہ سے امن قائم کیا گیا ہے۔ ہم امن و امان، تعمیر و ترقی کے خلاف نہیں بلکہ اس کے حق میں ہیں، تاہم ان کے لیے دائمی امن کی ضرورت ہے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر اور پارٹی کی جانب سے سرینگر پارلیمانی حلقہ کے امیدوار وحید الرحمان پرہ نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں منعقدہ انتخابی ریلی، روڈ شو کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔

قبل ازیں، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، یونٹ پلوامہ، نے لوک سبھا انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں روڑ ریلی اور عوامی کنونشن کا انعقاد کیا۔ جس دوران ایک روڑ ریلی، سرکل روڈ، پلوامہ سے شروع ہوئی جو ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی پلوامہ کے بالائی علاقہ سنگرونی میں اختتام ہوئی، ریلی میں پارٹی کے سرینگر - پلوامہ پارلیمانی نشست کے امیدوار وحید الرحمن پرہ سمیت پی ڈی پی کے دیگر لیڈران و کارکنان نے شرکت کی۔

وحید پرہ مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کیا اور عوام سے آنے والے پارلیمانی انتخابات میں ان کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اس مہم کے دوران ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر سینئر ممبران نے بھی عوام سے خطاب کرکے پی ڈی پی کے حق میں ووٹ دینے کی گزارش کی۔ یاد رہے کہ پی ڈی پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز کو لبھانے کی غرض سے ریلیز اور روڈ شوز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

پروگرام کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے وحید پرہ نے کہا: ’’یہاں بندوق کی نوک پر اور (لوگوں کو) جیلوں میں بند کرکے امن قائم کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ میں خود تین سال جیل میں بند رہا، اس کو امن نہیں کہتے۔ لوگ خوفزدہ ہیں، بات کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔‘‘ پرہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کی مکمل بحالی کے بعد ہی امن قائم ہو سکتا ہے جس کے لیے اسمبلی انتخابات ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری قیدیوں کو کشمیر کی جیلوں میں بند رکھا جائے: وحید پرہ - Waheed Parra on Kashmiri Prisoners

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.