ETV Bharat / jammu-and-kashmir

معراج النبیﷺ پر میرواعظ کشمیر کا پیغام

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 7, 2024, 7:08 PM IST

Mirwaiz Greets People on Shab e meraj: میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے شب معراج پر عوام الناس اہلیان کشمیر کو مبارک باد پیش کی ہے۔

معراج النبیﷺ پر میرواعظ کشمیر کا پیغام
معراج النبیﷺ پر میرواعظ کشمیر کا پیغام

سرینگر (جموں کشمیر): میرواعظ کشمیر اور متحدہ مجلس علماء (ایم ایم یو) کے سربراہ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے معراج النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے نورانی رات یعنی شب معراج کے موقعے پر اہل اسلام کو بالعموم اور مسلمانان کشمیر کو بالخصوص پُرخلوص اور دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ’’پیغمبر آخر الزماں ﷺ نے مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک، پھر وہاں سے مقام قاب و قوسین اور لامکان تک کا جو سفر فرمایا، اسے معراج کہا جاتا ہے۔ معراج النبی ﷺ کا عظیم الشان عملی وقوع اور بے نظیر معجزہ دراصل انسانی فکر اور شعور کے انقلاب کا نام ہے۔ چنانچہ حضرت محسن انسانیت ﷺ کے معراج کے واقعے سے ہی انسانی دنیا میں تحقیق، تفتیش، تلاش اور جستجو کی تڑپ پیدا ہوئی اور دور حاضر کا انسان چاند اور ستاروں پر کمندیں ڈالنے کا اہل بن سکا۔‘‘

میرواعظ نے اپنے پیغام میں کہا کہ معراج کے اہم واقعے میں بے پناہ عبرت اور نصیحت کے ساتھ ساتھ دعوت و موعظت کے بھی بے شمار پہلو پنہاں ہیں، جو ہر دور اور ہر زمانے میں اہل حق اور اہل فکر کے لیے مشعل راہ ہیں۔ میرواعظ کشمیر نے مزید کہا کہ معراج عالم رسول رحمت ﷺ کا ایک عملی معجزہ ہے جسے تا روز قیامت یادگار کے طور پر منایا جاتا رہے گا اور فکر و نظر کے نئے نئے گوشے اس سے اجاگر ہوتے رہیں گے۔ میرواعظ نے اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مسلمانوں کو معراج عالم کے حقیقی روح، فلسفہ اور پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے شب معراج کی تیاریوں کا جائزہ لیا

اس دوران انجمن اوقاف جامع مسجد، سرینگر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میرواعظ کشمیر جمعۃ المبارک 9 فروری 2024 کو مرکزی جامع مسجد سرینگر میں فلسفہ معراج پر تفصیل کے ساتھ وعظ و تبلیغ فرمائیں گے اور عامۃ المسلمین سے گزارش ہے کہ وہ اس مبارک تقریب میں ا پنی شرکت کو یقینی بنائیں اور وعظ و تبلیغ کے پیش نظر نماز جمعہ ٹھیک دو بجے ادا کی جائے گی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.