ETV Bharat / jammu-and-kashmir

برف نہ ہونے سے سیاحوں کی آمد میں کمی، وادی میں موجود سیاح مایوس

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 24, 2024, 6:13 PM IST

Dry Weather Affected Tourism وادی میں جاری خشک اور سرد موسم سے جہاں عام عوام تذبذب کا شکار ہے، وہیں سیاحتی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

Dry Weather Affected Tourism
برف نہ ہونے سے سیاحوں کی آمد میں کمی، وادی میں موجود سیاح مایوس

برف نہ ہونے سے سیاحوں کی آمد میں کمی، وادی میں موجود سیاح مایوس

اننت ناگ: موسم بہار میں سر سبز بلند و بالا پہاڑ صاف و شفاف پانی کے جھرنے، موسم خزاں میں لہلہاتے سنہرے چنار وادی کی خوبصورتی کو دوبالا کرتی ہیں۔ وہیں موسم سرما میں برف کی سفید چادر سے ڈھکے کوہسار، یہاں وارد ہونے والے سیاحوں کو راغب کرتی ہیں۔ اس لئے دیگر موسموں کی طرح ہر اعتبار سے موسم سرما کی ایک الگ اور خاص اہمیت ہے۔

موسم سرما میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد وادی کا رخ اس لئے کرتے ہیں تاکہ وہ تازہ برفباری سے لطف اندوز ہو سکیں۔ تاہم بد قسمتی سے موسم مسلسل خشک رہنے سے سیاحوں کی آمد میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ وہیں وادی میں اس وقت موجود سیاح برفباری نہ ہونے کے سبب مایوس نظر آرہے ہیں اور برف دیکھنے کی خواہش پوری ہونے کے بغیر ہی سیاح واپس لوٹ رہے ہیں۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے برف سے لطف اندوز ہونے کے لئے وادی کشمیر کی سیرو تفریح کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم یہاں برف نہ پا کر ان کا مزہ پھیکا پڑ گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی آنکھوں سے برف دیکھنے کی آرزو لئے وادی کشمیر وارد ہوئے تھے، لیکن موسم نے ان کا ساتھ نہیں دیا جس سے وہ اپنی آرزو پورا کرنے سے قاصر رہے۔

سیاح پہلگام اور کوکرناگ کے سیاحتی شاہراہوں پر پانی جم جانے کی وجہ سے قدرتی طور پر بن جانے والے سُنو اسکپلچرس کے نظاروں سے لطف اندوز ہو کر اپنا من بھرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خوبصورت جگہوں پر سیاح کچھ وقت گزار کر فوٹو گرافی کرکے اپنے خوبصورت لمہات کیمرہ میں قید کررہے ہیں۔

سیاحت سے روزی روٹی کمانے والے افراد بھی مایوس کن صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ پہلگام میں موجود ہوٹل مالکان سے لے کر گھوڑے بان تک سیاحوں کی کمی سے پریشان ہیں۔ گھوڑے والوں کا کہنا ہے کہ وہ موسم سرما میں سیاحتی سرگرمیوں سے اچھی خاصی کمائی کر رہے تھے، تاہم رواں برس برفباری نہ ہونے کے سبب سیاحوں کی آمد کافی کم ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے ان کا کاروبار کافی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی کمی کی وجہ سے وہ کافی فکر مند ہیں اور وہ برفباری کے منتظر ہیں تاکہ ان کا روزگار چلتا رہے۔

ٹراول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سابق صدر فاروق احمد کٹھو نے غیر موزوں موسمی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ برفباری نہ ہونے کے سبب سیاحوں کی آمد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ برف دیکھنے کے خواہاں سیاح برف باری کے منتظر ہیں، اس لئے نئی بکنگس کافی کم ہو رہی ہیں اور بیشتر سیاح اپنی بُکنگس منسوخ کر رہے ہیں۔ جو یہاں کی سیاحت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ فروری کے مہینے میں برفباری ہوگی جس سے سیاح وادی کی جانب پھر سے متوجہ ہونگے۔


یہ بھی پڑھیں:


واضح رہے کہ وادی میں طویل خشک موسم کی لہر جاری ہے، جس سے گلمرگ، پہلگام جیسے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقامات پر برف کی بتدریج کمی واقع ہونے سے سیاحت متاثر ہوئی ہے۔ ماہر ماحولیات اسے گلوبل وارمنگ سے تعبیر کرتے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے تقریبا دو ہفتوں تک موسم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آسکتی ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.