ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشمیر: مغل روڈ پر سیاح برف سے لطف اندوز

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 7, 2024, 3:48 PM IST

کشمیر، مغل روڈ پر سیاح برف سے لطف اندوز
کشمیر، مغل روڈ پر سیاح برف سے لطف اندوز

Tourists Enjoy Snow at Mughal Road: سرینگر سمیت دیگر قصبہ جات میں انتہائی کم برفباری ہوئی۔ سیاح برف سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں جن میں جنوبی کشمیر کا تاریخی مغل روڈ بھی شامل ہے۔

کشمیر، مغل روڈ پر سیاح برف سے لطف اندوز

شوپیاں (جموں کشمیر): وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سفید چادر میں لپٹے پہاڑی علاقے مقامی و بیرون سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ وادی کے دیگر پہاڑی علاقوں کی طرح جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھی معروف تاریخی مغل روڈ پر برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے مقامی و بیرون سیاح جوق در جوق شوپیاں ضلع کا رخ کر رہے ہیں۔

مغل روڈ پر دبجن اور ہیرپورہ علاقوں میں مقامی اور غیر مقامی سیاحوں کی خاصی تعداد برفباری سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث موسم سرما میں اس روڈ پر خاصی برفباری ہوتی ہے، جو بعض اوقات گرما میں جولائی ماہ تک جمع رہتی ہے اور مغل روڈ کے ارد گرد برف کی سفید چادر سے ڈھکے فلک بوس پہاڑ دیدہ زیب منظر پیش کرتے ہیں۔

مغل روڈ پر آئے سیاحوں نے بتایا کہ وہ اس خوبصورت اور دل موہ لینے والے مناظر کو دیکھ کر پھولے نہیں سما رہے ہیں اور وہ ان خوبصورت اور پر سکون لمحات کو اپنے کیمروں میں بھی قید کرتے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیاحوں نے بتایا کہ انہیں کافی خوشی ہوئی جب انہوں نے وادی کشمیر میں برفباری دیکھی۔ انہوں نے بتایا: ’’سیاحوں کی تمنا ہوتی ہے کہ انہیں کشمیر میں برفباری کا نظارہ دیکھنے کو ملے، اس لحاظ سے ہم کافی خوش قسمت ہے کہ ہمیں یہ خوبصورت لمحات نصیب ہوئے، حالانکہ ہم نے سنا تھا کہ رواں سیزن اب تک خاص برفباری نہیں ہوئی تھی۔‘‘

آندھراپردیش سے آئے ہوئے ایک سیاح نے ای ٹی وی بھارت کو بتایاکہ وہ سرما میں لائیو برفباری دیکھنے کے کافی منتظر تھے اور اس بار ان کا انتظار اس وقت ختم ہوا جب انہوں نے شوپیان ضلع کے خوبصورت علاقے ہیرپوہ میں برفباری دیکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ برف میں اپنے ساتھیوں سمیت انہوں نے خوب مستی کی اور کافی لطف اندوز ہوئے، ساتھ ہی انہوں نے قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کو کشمیر آنے کی بھی دعوت دی۔

مزید پڑھیں: سیاحوں کا سرینگر جموں ریل پروجیکٹ جلد مکمل کرنے کا مطالبہ

عقاب نامی ایک مقامی سیاح نے بتایا کہ مغل روڈ پر برف سے ڈھکے پہاڑ کشمیر کی خوبصورتی کا تاج ہیں اور کشمیریوں کی مہمان نوازی سیاحوں کے تئیں کشمیریوں کی محبت، پیار اور احترام کا مظہر ہے۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ گرم کپڑوں کے ساتھ جلد اس بار کشمیر کا دورہ کریں، اور سرما میں کشمیر کے حسن خاص کر برفباری سے محظوظ ہوں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.