ETV Bharat / bharat

وزیر اعظم مودی کا خاندانی سیاسی جماعتوں پر حملہ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 20, 2024, 3:14 PM IST

وزیر اعظم مودی کا خاندانی سیاسی جماعتوں پر حملہ
وزیر اعظم مودی کا خاندانی سیاسی جماعتوں پر حملہ

PM Modi rally in Jammu وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اپنے ایک روزہ دورے کے دوران جموں کے مولانا آزاد نیشنل اسٹیڈیم میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ مودی نے کئی پروجیکٹس کا افتتاح بھی کیا۔

جموں: پارلیمانی انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جموں میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان خاندانی جماعتوں نے جموں کشمیر کا ستر70 برس سے استحصال کیا، لیکن گزشتہ برسوں سے یہاں تعمیر و ترقی ہو رہی ہے اور عام انسان اس کا فائدہ لے رہا ہے۔‘‘

مودی نے کہا کہ خاندانی سیاست کا خمیازہ یہاں کی نوجوان نسل اور خواتین کو بھگتنا پڑا لیکن خاندانی سیاست سے چھٹکارا ملنے کے بعد یہاں کے نوجوان اور خواتین تعمیر و ترقی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ’’وکست بھارت‘‘ کا حصہ بن رہے ہیں۔ یاد رہے کہ مودی سنہ 2014 سے اب تک چھٹی مرتبہ جموں کشمیر کے دورے پر آئے اور لگاتار نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کی خاندانی سیاست پر حملہ کرتے آئے ہیں۔

جموں میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا ’’جموں کشمیر میں وہ دن بھی تھے جب جموں کشمیر سے بم، بندوق، ہلاکتوں اور علیحدگی پسندی کی خبریں آتی تھی، لیکن آج جموں کشمیر وکست بھارت سنکلپ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا جموں کشمیر میں سنہ 2014 کے بعد تعلیمی و طبی اداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ریل لائن اور شاہراہوں کی تعمیر سے یہاں کی عوام کو راحت ملی ہے اور لوگ اب تعمیری سیاست دیکھ رہے ہیں۔

دفعہ 370 کی منسوخی کے متعلق مودی نے کہا کہ ’’اس قانون کے خاتمے سے بھاجپا نے جموں کشمیر کو ملک کے ساتھ پوری طرح ضم کیا اور ملک کے لوگوں کے ساتھ یہاں کے لوگوں کو ایک ساتھ چلنے کا موقع دیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جس جموں کشمیر میں بند اور ہڑتالیں رہتی تھی وہ جموں کشمیر آج ملک کے ساتھ شانہ بشانہ ترقی کی راہ پر چل رہا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم مودی کے ہاتھوں کئی پروجیکٹس کا افتتاح و سنگ بنیاد

غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج جموں کے یک روزہ دورے پر آئے تھے جس دوران انہوں نے جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ خطاب سے قبل انہوں نے جموں کشمیر اور دیگر ریاستوں کے لئے 32 ہزار کروڑ روپے مالیت کے تعمیری پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔ یہ مودی کا بطور وزیر اعظم جموں کشمیر کا چھٹا دورہ تھا۔ اس سے قبل وہ 8 دسمبر سنہ 2014، 7 نومبر سنہ 2015، مئی سنہ 2018، اپریل سنہ 2019 جموں کشمیر آئے تھے۔ مودی نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد 24 اپریل سنہ 2022 جموں صوبہ کے سانبہ ضلع کا دورہ کیا تھا۔ ان دوروں کے دوران مودی نے تعمیراتی پروجیکٹس کی افتتاح کیا جبکہ کئی پروجیکٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.