ETV Bharat / bharat

بی جے پی کی پانچوی فہرست جاری، کنگنا رناوت کو منڈی سیٹ سے ٹکٹ - Lok Sabha Polls

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 24, 2024, 10:31 PM IST

بی جے پی نے مزید 111 لوک سبھا سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ جس میں وی کے سنگھ، اشونی چوبے اور ورون گاندھی کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے جبکہ سیریل رامائن میں رام کا کردار ادا کرنے والے ارون گوول کو میرٹھ سے امیدوار بنایا گیا اور اداکارہ کنگنا رناوت کو ہماچل پردیش کی منڈی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

Kangana Ranaut
کنگنا رناوت

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو لوک سبھا انتخابات کے لیے 111 امیدواروں کی پانچویں فہرست جاری کی۔ پارٹی نے سابق مرکزی وزیر وی کے سنگھ کی جگہ غازی آباد سے مقامی رکن اسمبلی اتل گرگ کو ٹکٹ دیا ہے، جب کہ بہار کے بکسر سے مرکزی وزیر اشونی چوبے کا ٹکٹ منسوخ کر کے ان کی جگہ متھیلیش تیواری کو امیدوار بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پیلی بھیت سے موجودہ ایم پی ورون گاندھی کو ٹکٹ نہ دے کر ان کی جگہ ریاستی حکومت کے وزیر جتن پرساد کو امیدوار بنایا گیا ہے، جب کہ سلطان پور سے ان کی ماں مینکا گاندھی کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو اڈیشہ کے سمبل پور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

اداکارہ کنگنا رناوت کا نام بھی بی جے پی کی پانچویں لسٹ میں شامل ہے۔ انہیں ہماچل پردیش کے منڈی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل بی جے پی میں شامل ہونے والے سابق ایم پی نوین جندال کو بھی بی جے پی نے کروکشیترا سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔

مرکزی وزیر گری راج سنگھ ایک بار پھر بیگوسرائے سے انتخاب لڑیں گے جبکہ بہار سے تعلق رکھنے والے دیگر مرکزی وزراء نتیانند رائے اجیار پور سے، آر کے سنگھ آرا سے، رام کرپال یادو پاٹلی پترا سے انتخاب لڑیں گے۔

سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کو ایک بار پھر پٹنہ صاحب اور سشیل کمار سنگھ کو اورنگ آباد سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن وویک ٹھاکر کو نوادہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

سابق مرکزی وزیر رادھا موہن سنگھ مشرقی چمپارن سے جبکہ سنجے جیسوال ایک بار پھر مغربی چمپارن سے الیکشن لڑیں گے۔ بی جے پی نے جھارکھنڈ کے دمکا سے سیتا سورین کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔

سیتا سورین جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی بھابھی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ بی جے پی نے سابق کانگریس صدر راہل گاندھی کے خلاف کیرالہ یونٹ کے سابق صدر کے سریندرن کو وائناد سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔

بی جے پی نے اب تک 291 لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرچکی ہے۔ ان میں اتر پردیش، گجرات، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، راجستھان، ہریانہ، کرناٹک، تمل ناڈو، اتراکھنڈ، کیرالہ اور تلنگانہ سمیت دیگر ریاستوں کے امیدوار شامل ہیں۔ جبکہ بھوجپوری گلوکار پون سنگھ سمیت تین اعلان کردہ امیدواروں نے تنازعہ کے بعد اپنے نام واپس لے لیے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور نتن گڈکری سمیت پارٹی کے اہم چہروں کے ناموں کا اعلان پہلے ہی انتخابات کے لیے کیا جا چکا ہے اور یہ سبھی اپنے موجودہ حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لیے 19 اپریل سے یکم جون کے درمیان سات مرحلوں میں انتخابات ہونے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.