ETV Bharat / bharat

دہلی میں نمازجمعہ کے دوران نمازیوں پر تشدد، مولانا محمود مدنی کا وزیر داخلہ کو خط

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 8, 2024, 9:18 PM IST

jamiat ulama prez
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی

صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر ایسے پولس افسر کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کا مطالبہ کیا۔ جو اسلاموفوبیا کے مرض میں مبتلا اور فرقہ پرست طاقتوں کی سوچ سے متاثر ہیں۔ کیونکہ ایسے لوگوں کی وجہ سے عالمی سطح پر ملک کی شناخت کافی خراب ہورہی ہے۔

نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر ایسے پولس افسر کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کا مطالبہ کیا۔ شمالی دہلی کے اندر لوک میں جمعہ کی نماز کے دوران پولس افسر کی نفرت سے بھری کارروائی اور عین نماز میں لوگوں کی پٹائی پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے عمل سے عالمی سطح پر ملک کی شناخت کافی خراب ہوگی۔

مولانا محمود مدنی نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ اور دہلی کے گورنر ونے کمار سکسینہ کو خط لکھ کر پولس افسر کو ہر طرح کی ذمہ داری سے سبکدوش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ پولس کے اس رویے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسلاموفوبیا کے مرض میں مبتلا ہے اور فرقہ پرست طاقتوں کی سوچ سے متاثر ہے۔ اس لیے فکری اصلاح کے ساتھ اس کو اپنے کام کے تئیں ذمہ دار ہونے کی ٹریننگ دیا جانا ضروری ہے۔

مولانا مدنی نے اپنے مکتوب میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو متوجہ کیا ہے کہ ایسے واقعات جن میں قانون نافذ کرنے والے افراد مجرم کا کردار ادا کرتے ہیں، متاثرہ کمیونٹی پر دیرپا برے اثرات ڈالتے ہیں، نیز ملک کے دشمنوں کو عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو داغدار کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ ہم یہ مانتے ہیں کہ لاء اینڈ آرڈر کی بحالی کے لیے پولیس کو اپنا فرض نبھانا چاہیے، لیکن مذہبی معاملات سے نمٹنے میں احتیاط برتنا نہایت ضروری ہے۔

مولانا مدنی نے اپنے مکتوب میں یہ بھی لکھا کہ ’’میں آپ کو فوری طو پر متوجہ کرتا ہوں کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کریں کہ وہ تمام شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دیں، خواہ ان کا مذہبی پس منظر کچھ بھی ہو، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے ان کی جانوں اور ان کی آزادیوں کا تحفظ کیا جائے اور فرقہ پرست اور ملک کو توڑنے والی طاقتوں کا آلہ کار بننے والے پولس افسران پر سخت کارروائی کی جائے۔

مولانا نے اخیر میں لکھا کہ مجھے امید ہے کہ اس معاملے میں آپ کے فوری اور فیصلہ کن اقدام سے نظام انصاف پر اعتماد بحال ہوگا اور ملوث پولیس افسران کی جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دہلی میں سڑک پر نماز جمعہ پڑھ رہے لوگوں پر لات مارنے والا پولیس افسر معطل

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.