Muslims Should Study Other Religions مسلمانوں کودوسرے مذاہب کا مطالعہ کرنا چاہئے، مولانا عبدالحمید نعمانی

Muslims Should Study Other Religions مسلمانوں کودوسرے مذاہب کا مطالعہ کرنا چاہئے، مولانا عبدالحمید نعمانی
حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ماہانہ محاصرہ پروگرام میں علمائے کرام نے دوسرے مذاہب کا مطالعہ کرنے کی تلقین کی۔ ہندوستان میں پھیلے ذات پات کا تصوراورہندوستانی فکروفلسفہ پربحث کرتے ہوئے علمائے کرام نے علم کی کمی ہونے کی وجہ سے آپس میں اختلاف اور انتشارکو سبب بتایا۔ آپس میں محبت کوعام کرنے کے لئے تدابیرپرغوروفکر کیا۔
کانپور: جمعیت علماء ہند کانپور یونٹ کی زیر نگرانی چلنے والا حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر میں مدارس سے فارغ علمائے کرام کو انگریزی اور کمپیوٹر کی تعلیم دی جاتی ہے۔ سینٹر پر ہندوستانی فکر و فلسفہ اور ذات پات کے تصور پر مفتیان ، علماءکرام اور ہندو مذہب پر عبور رکھنے والے علماء کرام نے ملک کے اندر پھیل رہی نفرت اور انتشار کو دور کرنے کے لئے علم کی کمی کو وجہ بتایا ہے۔
علمائے کرام کا کہنا ہے کہ موازناتی مطالعہ کرنا اور دوسرے مذاہب کو سمجھنے کی بے حد ضرورت ہے۔ اگر باریک بینی سے تمام مذاہب کا مطالعہ کیا جائے تو نفرت کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ دوسرے مذاہب کے لوگ اگر اسلام کا مطالعہ کریں تو لوگوں کے دلوں سے نفرت ختم ہو سکتی ہے۔اس لیے اب علمائے کرام کو ضرورت ہے کہ دوسرے مذاہب کا بھی اچھی طرح مطالعہ کریں۔
شرپسند عناصر اور مفاد پرست سیاستدانوں کی طرف سے نفرت اور انتشار کو پھیلا کر ملک میں سیاست کی جا رہی ہے ۔ملک کی اکثریت اس پھیلنے والی نفرت سے بے آرام ہو رہی ہے۔نفرت سے ملک کو ہونے والے نقصان سے بچانے کے لئے جمعیت علماء ہند مستقل کوشش کر رہی ہے۔ جمعیۃ علماء ہند ملک بھر میں تمام مذاہب کے لوگوں کو لیکر ایک ہزار سدبھاونا پروگرام کر رہی ہے۔اسی زمرے میں اب جمعیت علماء کی تیاری علمائے کرام کو ہندو مذہب کی بنیادی چیزوں کا مطالعہ کروانا تمام مذاہب کا موازناتی مطالعہ کرانا ہے۔
جس کے سبب علمائے کرام لوگوں کے سوالوں کا جواب دے کر ملک کے اندر پھیلائے گئے انتشار کو کم کرسکیں گے۔ اس کوشش سے قومی یکجہتی کو فروغ ملےگا۔ حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر علماء کرام کو تمام مذاہب کی تعلیم دے رہا ہے اور انہیں اس سے منسلک کتابوں کا مطالعہ کرنے کے لئے کتابیں دستیاب کررہا ہے۔
