DAK on Misbeheaviour with Doctor: ڈاکٹر کے ساتھ بدسلوکی ناقابل قبول، ڈاک

author img

By

Published : Mar 2, 2023, 12:47 PM IST

ڈاکٹر کے ساتھ بدسلوکی ناقابل قبول، ڈاک

گذشتہ دنوں سماجی رابطہ گاہ پر ضلع اسپتال پلوامہ کے ایک ڈاکٹر کے ساتھ مقامی کارپوریٹر کی جانب سے بدسلوکی کا ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں نے خاموش احتجاج درج کیا۔ وہیں ڈاکرز ایسوسی ایشن نے بھی واقعہ میں ملوث کارپوریٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

سرینگر: ڈاکٹر ایسوسی ایشن، کشمیر، نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک مقامی کونسلر کی جانب سے ضلع اسپتال کے ایک ڈاکٹر کے ساتھ بدسلوکی کی مذمت کی ہے۔ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے جاری کردہ بیان میں اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کونسلر نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ڈاکٹر کے ساتھ بدتمیزی، گالی گلوچ، غیر مہذب اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا ہے جو کہ حد درجہ افسوس کی بات ہے۔‘‘

ایسوسی ایشن کے صدر، ڈاکٹر نثار الحسن، نے کہا کہ ’’اس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پیر کی شام ایک کونسلر ضلع اسپتال پلوامہ میں داخل ہوا اور ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر کو دھمکیاں دیں اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ جس کے نتیجے میں طبی خدمات میں خلل واقع ہوا۔ ایسے میں بیماروں کو مدد فراہم کرنے والے طبی عملے کے خلاف دھمکی آمیز کارروائیاں حیران اور قابل افسوس ہیں۔

ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ طبی عملہ بڑی مشکل حالات میں مریضوں کی جانیں بچانے کے لیے ان تھک کوششیں کرتے ہیں لیکن تعریف کے بجائے گالیاں اور ناشائستہ الفاظ سننے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے کی طرف سے غنڈہ گردی کے عمل سے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے طبی عملے میں خوف وہراس اور اضطراب پیدا ہوا ہے۔ ایسے حالات میں ڈاکٹر اپنی پیشہ وارانہ خدمات موثر طریقے سے انجام نہیں دے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: Misbehave with Doctor ڈاکٹر کے ساتھ بدسلوکی، انکوائری کمیٹی تشکیل

ادھر، ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے بھی واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کے ساتھ اس طرح کا ناروا سلوک نہ صرف ایک بری مثال قائم کرے گا بلکہ اس سے طبی عملے کے حوصلے بھی پست ہوں گے جو کہ مشکل ترین حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے واقعے کا سخت نوٹس لینے اور مذکورہ کونسلر کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.