ریاسی (جموں کشمیر) : لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع ریاسی کے کٹرا میں شری ماتا ویشنو دیوی ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں ’’گیانودیا ایکسپریس‘‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ حکام کے مطابق جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے ’’گیانودیا ایکسپریس‘‘ نہ صرف ملک گیر سیر کا ایک آرام دہ سفر ہوگا بلکہ یہ علم کے حصول کی کی بھی ایک یادگار یاترا ثابت ہوگی۔
آفیشلز کا کہنا ہے کہ ’’اس ریل سروس سے جہاں طلبہ ملک کی ثقافت سے روشناس ہوں گے وہیں وہ دیگر اور مختلف علوم و فنون کو بھی سمجھ سکیں گے۔ آنے والے وقت میں جموں و کشمیر ملک کے لیے سائنس کا ایک مرکز بنے گا۔‘‘ جموں و کشمیر سے 700 طالبات اور تقریباً 75 پروفیسر گیانودیا ایکسپریس سے روانہ ہوئے۔ دہلی کے علاوہ یہ لوگ دو ہفتے تک ٹرین سے سفر کریں گے اور گجرات، مہاراشٹر، گوا، کرناٹک وغیرہ مختلف ریاستوں کا دورہ کریں گے۔ طلباء راشٹرپتی بھون، سنسد بھون، انڈیا گیٹ، سابرمتی آشرم سمیت کئی تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے اور ان کی اہمیت کو سمجھیں گے۔ قبل ازیں، لیفٹیننٹ گورنر نے گیانودیا ایکسپریس میں بیٹھے طلبہ سے بات چیت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: ایل جی سنہا نے کیا اسمارٹ سٹی پروجیکٹس کا افتتاح
یاد رہے کہ جموں و کشمیر سے پہلی بار گیانودیا ایکسپریس کو روانہ کیا گیا ہے، جس میں یو ٹی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات، ملک کی مختلف ریاستوں میں جا کر علم حاصل کریں گی۔ جلد ہی گیانودیا ایکسپریس جموں و کشمیر کے دیگر طلباء کے لیے بھی روانہ کی جائے گی۔ ’’کالج آن وہیلز جموں کشمیر گیانودیا ایکسپریس‘‘ مختلف یونیورسٹیوں اور جموں و کشمیر کے سرکاری ڈگری کالجوں کے طلباء کے لیے خصوصی طور روانہ کی گئی۔