Muttahida Majlis-e-Ulema: شیعہ سنی مسلکی اتحاد کو زک پہنچانے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت

author img

By

Published : Aug 3, 2022, 11:03 PM IST

shia-sunni-religious-unity-important-need-to-identify-that-harm-religious-unity-says-muttahida-majlis-e-ulema

متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر نے آج ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مسلمانوں کے دو عظیم طبقوں شیعہ اور سنی کے مابین مسلکی اتحاد کو استحکام اور فروغ دینے اور اس ضمن میں بعض شر پسند عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر شرانگیز اور فتنہ پرور بیانات جاری کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔

سرینگر: متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے زیر اہتمام عاشورہ اور محرم کے مقدس ایام کے دوران شیعہ سنی کوآرڈینیشن اتحاد کا ایک ہنگامی اجلاس مرکزی جامع مسجد سرینگر کے دفترمیں منعقد ہوا اس مجلس کی زیر صدارت مجلس کے ضلع اننت ناگ کے صدر ڈاکٹر پیرزادہ محمد سمیر شفیع صدیقی نے کی۔

مقررین نے عاشورہ اور محرم کے تناظر میں مسلمانوں کے دو عظیم طبقوں شیعہ اور سنی کے مابین مسلکی اتحاد کو استحکام اور فروغ دینے اور اس ضمن میں بعض شر پسند عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر شر انگیز اور فتنہ پرور بیانات جاری کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مقررین نے ان بے لگام عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جو ضمنی اور فروعی مسائل کو ابھار کر ملت کشمیر کے درمیان ملی اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہیں۔اجلاس میں فاضل مقررین نے جموں و کشمیر میں اتحاد بین المسلمین کے کاز کو ہر سطح پر تقویت پہنچانے کے لیے کئی ٹھوس اور اہم تجاویز پیش کیں، جن پر مستقبل قریب میں عمل کرنے کے لیے مناسب کارروائی کی جائیگی۔

اجلاس میں مقررین نے کہا کہ عاشورہ اور محرم کے دوران مسلمان ہر قیمت پر اتحاد بین المسلمین کی مشعل کو روشن اور قائم رکھیں اور اتحاد دشمن عناصر کی ریشہ دوانیوں کو اپنے اتحاد و فکر و عمل سے ناکام بنائیں۔اجلاس میں مقررین نے مجلس کے سرپرست اعلیٰ اور بانی میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی طویل نظربندی کے تین سال مکمل ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں اور خاص طور پر بین الاقوامی برادری اور عالم اسلام کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ میرواعظ کی مسلسل نظر بندی کو فوری طور ختم کرانے اور موصوف کی رہائی عمل میں لانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ موصوف جموں وکشمیر کے عوام کے تئیں اپنی منصبی ذمہ داریاں پوری کرسکیں۔

مزید پڑھیں:


واضح رہے اجلاس میں انجمن شرعی شیعان جموں وکشمیر کے آغا سید مجتبیٰ عباس الحاج غلام محمد ناگو، جموں وکشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے بشیر محسن ، حاجی محمد امین، محمد یوسف وانی ، ساجد حسین میر، انجمن حمایت الاسلام کے مولانا خورشید احمد قانونگو، اتحاد المسلمین جموں وکشمیر کے سید یوسف رضوی، بزم توحید اہلحدیث کے پیر رحمت اللہ،مرکزی رابطہ ائمہ مساجد جموں و کشمیر کے سربراہ مولانا سید وارث شاہ بخاری،انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے مفتی غلام رسول سامون، سول سوسائٹی کشمیر کے سید شکیل احمد قلندر، سماجی رہنما جناب الحاج شوکت احمد خانیاری اور مجلس کے سیکریٹری جناب مولانا ایم ایس رحمن شمس کے علاوہ دیگر شخصیات نےشمولیت کی اور اظہار خیال کیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.