محبوبہ مفتی کو اگر یہاں کوئی تکلیف ہے تو وہ پاکستان چلی جائیں: بی جے پی

author img

By

Published : Oct 24, 2020, 7:13 PM IST

If Mehbooba Mufti has any problem here, she should go to Pakistan: BJP

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پاکستان جانے کو کہا ہے۔

رویندر رینہ نے ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ 'اگر کسی کو جموں و کشمیر میں رہنے میں تکلیف ہے تو وہ پاکستان چلا جائے اور اگر محبوبہ مفتی کو جموں و کشمیر میں رہنے میں کوئی تکلیف ہے تو وہ بھی پاکستان چلی جائیں'۔

انہوں نے گپکار اعلامیے کو 'گپکار گینگ' قرار دیتے ہوئے کہا: 'جموں و کشمیر میں کسی کو بھی ملک دشمن ایجنڈا چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گپکار گینگ والے چاہے جتنی بھی کوشش کریں گے، چھ کے بجائے چھ سو پارٹیاں کیوں نہ مل جائیں لیکن انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا'۔

موصوف نے کہا کہ ملک کی یکجہتی کو چیلنج دینے والوں کو سدھرنا چاہئے ورنہ انہیں اپنی ساری زندگی قید خانوں میں گذارنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کسی کے باپ دادا کی جاگیر نہیں ہے اور یہاں کسی کی نافرمانی یا گستاخی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

دریں اثنا بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے ترجمان بریگیڈیئر (ر) انل گپتا نے محبوبہ مفتی کے جموں و کشمیر کے پرچم سے متعلق بیان کو 'ترنگے' کی توہین قرار دیا ہے۔
انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ اگر گپکار اعلامیے کے دستخط کنندگان کشمیر میں حالات بگاڑنا چاہتے ہیں تو اس طرح وہ اپنی قبر خود کھود رہے ہیں۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا ہے۔

رویندر رینا نے کہا کہ 'جس طرح محبوبہ مفتی نے ترنگے کی توہین کی ہے۔ جموں وکشمیر کے جھنڈے، جو ختم ہوچکا ہے، اور ترنگے کی برابری کی ہے وہ پورے ملک کی توہین ہے'۔
بتادیں کہ محبوبہ مفتی نے جمعے کو طویل نظر بندی کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں جموں و کشمیر کے جھنڈے اور ترنگے کو ایک ساتھ کھڑا رکھا تھا نیز آپ خود بھی سبز لباس میں ملبوس تھیں۔
مسٹر گپتا نے کہا کہ محبوبہ مفتی ڈرا دھمکاکے دفعہ 370 کو واپس لانا چاہتی ہے جو کبھی بھی ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ'محبوبہ مفتی ڈرا دھمکاکے دفعہ 370 واپس حاصل کرنا چاہتی ہے یہ گپکاریوں کی غلط فہمی ہے، یہ دفعہ کبھی واپس نہیں دیا جائے گا'۔

موصوف نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا: 'اگر گپکاریوں کا منشا کشمیر میں حالات خراب کرنے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے اور وہ اپنے لئے خود ہی قبر کھود رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پانچ اگست کے فیصلوں کو لوگ اچھی طرح مان گئے ہیں لیکن محبوبہ مفتی لوگوں کو بہکانا چاہتی ہے اور ترنگے کو نیچا دکھانا چاہتی ہے۔

TAGGED:

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.