نئی دہلی: 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے ذہن سازی اور سیٹوں کی تقسیم پر اپوزیشن انڈیا الائنس کوآرڈینیشن کمیٹی کی پہلی میٹنگ این سی پی کے سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر ختم ہوگئی ہے۔ میٹنگ کے بارے میں بتاتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ پہلے ریاستی سطح پر سیٹوں کے تعلق سے اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا پھر اس کے بعد ہم اسے آگے لے کر جائیں گے۔ اس کے علاوہ انڈیا اتحاد اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بھوپال سے مشترکہ عوامی ریلی کا آغاز کرے گا۔ کوآرڈینیشن کمیٹی میں شرد پوار، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، عام آدمی پارٹی کے راگھو چڈھا، اور راشٹریہ جنتا دل کے تیجسوی یادو سمیت 14 ارکان شامل ہیں۔
انڈیا الائنس کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ کے اہم فیصلے:
- اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بھوپال میں انڈیا اتحاد کی پہلی عوامی ریلی نکالی جائے گی۔
- ذات پات کی مردم شماری پر انڈیا اتحاد کی جماعتوں میں اتفاق رائے ہے۔
- انڈیا الائنس کے ممبران نے مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل کو مضبوطی سے اٹھانے کی بات کی۔
- انڈیا کے نمائندے کچھ میڈیا گروپس کے شوز میں شرکت نہیں کریں گے جو انڈیا اتحاد کے خلاف خبریں چلاتے ہیں۔
- انڈیا الائنس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس جاری رہے گا۔ اگلی میٹنگ کے بارے میں جلد اطلاع دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا کی رابطہ کمیٹی انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کی تیسری قومی سطح کی میٹنگ میں تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔ دراصل یہ اتحاد اب 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کی قیادت سے مقابلہ کرنے کے لیے بی جے پی مخالف جماعتوں کے لیے ایک متحد پلیٹ فارم بن گیا ہے۔