اضافی فورسز عام انتخابات کیلے ہیں: ستیہ پال ملک
Published: Feb 24, 2019, 10:07 PM


اضافی فورسز عام انتخابات کیلے ہیں: ستیہ پال ملک
Published: Feb 24, 2019, 10:07 PM

جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ 'کشمیری عوام افواہوں پر کان نہ دھرے، فورسز کی اضافی نفری کو عام انتخابات کے انعقاد کے لئے ہی تعینات کیا جا رہا ہے'۔
گورنر نے ریاستی انتظامی کونسل کے اجلاس کے دوران لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سماج میں گشت کر رہی بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن بنائے رکھیں ۔ یہ افواہیں غیر ضروری طور پر لوگوں کے دماغ میں خوف کا ماحول پیدا کر رہی ہیں جس کی وجہ سے معمول کی زندگی درہم برہم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'کرفیو کے نفاذ سے متعلق افواہوں پر دھیان نہیں دیا جانا چاہیے۔ سیکورٹی فورسز جو کچھ بھی اقدامات کر رہی ہیں وہ پلوامہ حملے کے نتاظر میں کیا جا رہا ہے'۔ یہ بات سمجھنی چاہیے کہ جنگجو کسی بھی وقت کوئی کارروائی انجام دے سکتے ہیں جس کا مقصد ملک کے جمہوری عمل کو متاثر کرنا ہوتا ہے'۔
واضح رہے کہ وادی میں انتظامیہ نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کے دوران علیحدگی پسند اور مذہبی جماعتوں بالخصوص جماعت اسلامی کے رہنماؤں و سرگرم کارکنوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاﺅں شروع کرکے قریب 150 لوگوں کو مختلف جیلوں میں مقید کردیا۔
اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر مرکزی نیم فوجی دستوں کی 100 اضافی کمپنیاں کشمیر روانہ کردی۔ اچانک اٹھائے جانے والے ان اقدامات نے وادی بھر میں خوف و ہراس کا ماحول برپا کردیا ہے۔
راج بھون کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گورنر ستیہ پال ملک نے ریاستی انتظامی کونسل کی ایک میٹنگ طلب کر کے ریاست میں عمومی صورتحال خاص کر پلوامہ واقعہ کے بعد پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔
