Reaction on Land Eviction Order: سرکاری اراضی سے متعلق سرکیولر واپس لیا جائے، کسان یونائیٹڈ فرنٹ

author img

By

Published : Jan 17, 2023, 1:17 PM IST

سرکاری اراضی سے متعلق سرکیولر واپس لیا جائے، کسان یونائیٹڈ فرنٹ

سرکاری اراضی پر سے تجاوزات کو ہٹائے جانے کے سرکیولر کو عوام کش قرار دیتے ہوئے کسان یونائیٹڈ فرنٹ نے حکومت سے یہ حکمنامہ فوری طور پر واپس لیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ JK Land Eviction Order

سرکاری اراضی سے متعلق سرکیولر واپس لیا جائے، کسان یونائیٹڈ فرنٹ

پلوامہ: سرکار کی جانب سے اسٹیٹ لینڈ بشمول روشنی ایکٹ، کاہچرائی وغیرہ پر سے تجاوزات ہٹائے جانے والے سرکیولر کو عوام کش قرار دیتے ہوئے جموں وکشمیر کسان یونائیٹڈ فرنٹ کے صدر قمر ربانی نے اپنے ترال دورے کے بعد ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت کے دوران حکومت سے فوری طور سرکیولر واپس لیے جانے کا مطالبہ کیا۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران قمر ربانی نے کہا: ’’ایک طرف بی جے پی حکومت ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ جیسا نعرہ بلند کر رہی ہے۔ وہیں دوسری جانب ایسے عوام کش فیصلے صادر کرتی ہے۔ جس سے عوام اور دلی کے مابین دوریوں میں اضافہ ہوگا۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے خلاف جموں وکشمیر کے کسان سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں گے اور انہیں کرنا بھی چاہیے کیونکہ اس سرکیولر کی آڑ میں غریب اور مفلوک الحال افراد کو بےگھر کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے۔ قمر ربانی نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرکار نے یہ فیصلہ واپس نہیں لیا تو وہ اس فیصلے کے خلاف عدالت کا بھی رخ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سرکار اس فیصلے کو عملاکر آخر کیا حاصل کرنا چاہتی ہے۔ کیونکہ انیس سو سنتالیس (1947) سے لیکر آج تک ہمارے لوگ دو دو تین تین مرلے زمین پر اپنا گزارہ کر رہے ہیں اور اب سرکار انہیں اس سے بھی بے گھر کرنا چاہتی ہے۔‘‘

کسان یونائیٹڈ فرنٹ کے صدر نے حکومت سے سرمایہ داروں، سیاستدانوں اور دیگر افراد - جو بیسیوں، سینکڑوں کنال اراضی پر قبضہ کیے ہوئے ہیں - کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا: ’’جن کے پاس محض ایک کنال یا چند مرلے زمین ہیں انہیں بے گھر کرکے حکومت کو کیا فائدہ حاصل ہوگا۔ جن اثر و رسوخ رکھنے والے افراد اور سرمایہ داروں کے پاس سینکڑوں کنال اراضی ہے اسے اگر حکومت واپس لیکر فلاحی کاموں میں استعمال کرے گی تو حکومت سمیت عوام کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔‘‘ قمر ربانی نے جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سمیت مرکزی سرکار سے اسے فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے فوری طور واپس لیے جانے کا مطالبہ کیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.