Educationist Nuruddin Shah Passes away ترال کے معروف سماجی کارکن اور ماہر تعلیم نورالدین شاہ کا سانحہ ارتحال

author img

By

Published : May 27, 2023, 8:06 AM IST

Updated : May 27, 2023, 12:56 PM IST

ماہر تعلیم نورالدین شاہ کا سانحہ ارتحال

جموں و کشمیر کے ترال کی معروف شخصیت ماسٹر نورالدین شاہ کا انتقال ہوگیا ہے۔ مرحوم طویل مدت تک سماجی اور تعلیمی شعبے سے وابستہ رہ کر گرانقدر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ترال: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے سب ڈسٹرکٹ ترال کی معروف سماجی شخصیت اور ماہر تعلیم ماسٹر نورالدین شاہ ساکن کچھمولہ ترال، طویل علالت کے بعد آج دار فانی سے کوچ کر گئے۔ ماسٹر نورالدین شاہ نے 94 برس کی عمر میں داعی اجل کو لبیک کہا۔ مرحوم نے اپنی طویل زندگی، تعلیم و تعلم میں ہی بسر کی۔ 1997 میں محکمہ تعلیم سے سبکدوشی کے بعد انہوں نے اپنے ہی گاؤں میں قائم مدرسہ نورالہدی کی قیادت کا بارِ گراں اپنے کندھوں پر لیا اور کئی برسوں تک اس ادارہ سے وابستہ رہے۔

مرحوم ماسٹر نورالدین شاہ ترال کے معروف تعلیمی ادارے ہمدرد گرامرا سکول کے سرپرست کے طور پر بھی اپنی گرانقدر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مرحوم نور احمد ترالی کے خاص احباب میں شامل تھے اور مدرسہ تعلیم الاسلام کی مجلس مشاورت کا بھی حصہ رہے۔ ان کے پسماندگان میں فرزندان محمد اشرف شاہ، ملازم محکمہ پلاننگ، ریاض احمد شاہ، پرنسپل ہمدرد گرامر سکول، ارشاد احمد شاہ اور جاوید احمد شامل ہیں۔ مرحوم ماسٹر نورالدین شاہ ای ٹی وی بھارت کے مدیر خورشید احمد وانی کے پھوپھا جان تھے۔

مزید پڑھیں: کشمیر کے سب سے بڑے علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کا انتقال
مرحوم ماسٹر نورالدین شاہ کے انتقال پُرملال پر کئی سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظمیوں کے ذمہ داروں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن ترال نے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

Last Updated :May 27, 2023, 12:56 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.