Amir Khan: عامر خان نے کرگل میں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کیا

author img

By

Published : Jul 15, 2021, 2:01 PM IST

Updated : Jul 15, 2021, 3:02 PM IST

عامر خان نے کرگل میں مقامی لوگوں کے لئے کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان

عامر خان نے واکھا وادو گاؤں میں بچوں کے لئے ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا: 'ہم کمیونٹی ہال بنانے میں آپ کی مدد کریں گے۔ بچے وہاں ثقافتی پروگرام منعقد کیا کریں گے'۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے کرگل کے واکھا وادو نامی گاؤں میں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنی آنے والی فلم 'لال سنگھ چڈا' کی آخری مرحلے کی شوٹنگ کے سلسلے میں کرگل میں خیمہ زن عامر خان نے یہ اعلان واکھا وادو کے مقامی لوگوں سے بات چیت کے دوران کیا ہے۔

انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کے دوران کہا: 'ہم آپ کے گاؤں میں شوٹنگ کرنے کے لئے آئے ہیں۔ ہمیں آپ سے مل کر بہت اچھا لگا۔ آپ نے ہمیں جو تعاون فراہم کیا اس کے لئے ہم آپ کے بے حد شکر گزار ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'ہماری شوٹنگ مشکل ہوتی ہے یہ آپ بھی دیکھ چکے ہیں۔ ہم بے حد خوش ہیں کہ آپ نے ہمیں تعاون فراہم کیا اور ہماری مدد کی جس سے ہمارا کام آسان ہوگیا'۔

عامر خان نے مذکورہ گاؤں میں بچوں کے لئے ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا: 'ہم کمیونٹی ہال بنانے میں آپ کی مدد کریں گے۔ بچے وہاں ثقافتی پروگرام منعقد کیا کریں گے'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم سب کو آپ کی جگہ بہت اچھی لگی۔ آپ کا گاؤں بہت ہی خوبصورت ہے۔ ہم گاؤں میں بھی گھومنا چاہتے ہیں'۔

عامر خان کو کرگل کا روایتی لباس گونچا بہت پسند آیا ہے اور انہوں نے تقریب میں شریک ایک مقامی نوجوان سے کہا کہ مجھے بھی ایک گونچا چاہیے۔

انہوں نے ایک نوجوان سے مخاطب ہوکر کہا کہ 'آپ نے جیکٹ جیسا کیا پہنا ہے؟ مقامی نوجوان نے جواب دیا کہ 'اس کو گونچا کہتے ہیں'۔ عامر خان نے پھر کہا: 'مجھے بھی اسی رنگ کا ایک گونچا چاہیے۔ آپ لوگوں کے کپڑے بھی بہت خوبصورت ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان پروڈکشن نے لداخ میں گندگی پھیلانے والی خبروں کی تردید کی

واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل سُپر ہٹ فلم 'تھری ایڈیٹس' کی شوٹنگ کے سلسلے میں لداخ آئے تھے۔ دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ کرگل سنتوش سکھ دیو نے کہا کہ عامر خان پروڈکشنز نے 'لال سنگھ چڈا' کی شوٹنگ کے دوران صفائی و ستھرائی اور کووڈ ایس او پیز کا خاص خیال رکھا ہے۔

انہوں نے کہا: 'یہاں واکھا وادو نامی گاؤں میں لال سنگھ چڈا فلم کی شوٹنگ ایک ہفتے سے چل رہی ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ عامر خان پروڈکشنز شوٹنگ کے دوران کچرا پھیلارہا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر جو دعویٰ کیا جارہا ہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'وہاں پر ہمارے دو مجسٹریٹ اور ایک پولیس افسر تعینات ہیں۔ پروڈکشن کمپنی کی طرف سے صفائی و ستھرائی اور کووڈ ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔ شوٹنگ 25 جولائی تک جاری رہے گی'۔

یو این آئی

Last Updated :Jul 15, 2021, 3:02 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.