RedCross Day Celebrat In Budgam: ریڈ کراس ڈے پرخون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا

author img

By

Published : May 12, 2023, 3:55 PM IST

ریڈ کراس ڈے پرخون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا

ڈی سی بڈگام نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ضلع ریڈ کراس فنڈ کے تحت پسماندہ افراد کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے

بڈگام:- وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں آج بین الاقوامی ریڈ کراس ڈے مناتے ہوئے، ضلع انتظامیہ بڈگام نے شیخ العالم ہال میں خون کا عطیہ اور بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ کا انعقاد ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سوسائٹی بڈگام اور چیف میڈیکل آفس بڈگام کے اشتراک سے کیا گیا۔

کیمپ کے دوران سینکڑوں عطیہ دہندگان نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا جبکہ ضلع کے مختلف سکولوں کے طلباء نے تقریب میں شرکت کی جنہیں خون کے عطیہ کی اہمیت اور حادثات یا کسی دوسری آفت کے متاثرین کو ابتدائی طبی امداد کے دینے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لبرو نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دن نہ صرف خون کے عطیہ کے کیمپ کا انعقاد کیا جاتا ہے، بلکہ حادثات سے متاثرین کو ابتدائی طبی امداد کے استعمال کے بارے میں بیداری اور تربیت بھی دی جاتی ہے۔ بلڈ ڈونیشن کا استعمال حادثات سے متاثرین کو بچانے کے لیے کیا جاتاہے۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ہوشیار شہری بننے کے لیے تربیت کا بہترین استعمال کریں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے زخمیوں کو بروقت ابتدائی امداد فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس فنڈ کے تحت ضلعی انتظامیہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے تاکہ ان کی زندگی بہتر ہو سکے۔
ڈی سی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ریڈ کراس ڈے کے حقیقی جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے ریڈ کراس فنڈ میں حصہ ڈالیں تاکہ انسانیت خاص طور پر پسماندہ اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقوں کی ذات، عقیدہ یا مذہب کی کسی رکاوٹ کے بغیر خدمت کی جا سکے۔

مزید پڑھیں: International Red Cross Day: پونچھ کے تعلیمی اداروں میں ریڈ کراس کا عالمی دن منایا گیا


اس موقع پر ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک اور چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر ایوب فتح نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ ضلع بھر کے کسی بھی ہسپتال میں ضرورت مندوں کی فوری مدد کو یقینی بنانے کے لیے عطیہ دہندگان کی فہرست رکھی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبران، اے ڈی سی بڈگام، تحصیلدار ہیڈ کوارٹر، چیف ایگریکلچر آفیسر اور دیگر بھی موجود تھے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.