بھارت-نیپال سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، تین بنگلہ دیشی شہری گرفتار
3 بنگلہ دیشی شہریوں کے موبائل فون کے چیٹس اور لوکیشن ڈیٹا سے پتہ چلا کہ وہ بہار کے راستے گورکھپور جا رہے تھے۔

Published : January 1, 2026 at 7:15 PM IST
موتیہاری (بہار): بہار کے مشرقی چمپارن ضلع کے راکسول علاقے میں بھارت-نیپال سرحد پر سشستر سیما بل کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں تین بنگلہ دیشی شہریوں سمیت چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس بی کے مطابق گرفتار بنگلہ دیشی شہریوں کی شناخت محمد فیروز (ولد مزمل)، محمد صوفاز (ولد عبدالمناف) اور محمد اولور رحمان (ولد بلال حسین) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ان کی مدد کرنے والے بھارتی شہری کی شناخت محمد سرفراز انصاری، ساکن چنپتیا، ضلع مغربی چمپارن کے طور پر کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد راکسول سرحد پر سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔ دورانِ گشت جوانوں نے چاروں افراد کو مشکوک حالت میں روکا۔ جب سرفراز انصاری نے بتایا کہ وہ تینوں افراد کو اپنے گھر لے جا رہا ہے تو اس کا جواب تسلی بخش نہیں پایا گیا۔ موبائل فونز کی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ تینوں افراد بنگلہ دیشی شہری ہیں اور انہیں غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل کرایا جا رہا تھا۔
ایس ایس بی کے مطابق موبائل فونز سے حاصل ہونے والی چیٹس اور لوکیشن ڈیٹا سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ افراد بہار کے راستے اتر پردیش کے گورکھپور جانے والے تھے، جہاں سے انہیں چینئی بھیجا جانا تھا۔ تینوں بنگلہ دیشی شہریوں کے پاس سے جعلی بھارتی شناختی دستاویزات بھی برآمد ہوئے، جو تفتیش میں جعلی ثابت ہوئے
یہ بھی پڑھیں: راجستھان میں بھارت پاکستان سرحد پر مشتبہ پاکستانی نوجوان گرفتار
ایس ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل سنجے سنگھل نے بتایا کہ سرفراز انصاری نے اعتراف کیا ہے کہ وہ یہ کام رقم کے عوض کر رہا تھا۔ بنگلہ دیشی شہریوں کی اطلاع متعلقہ سفارت خانے کو دی جائے گی اور پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ گورکھپور ریلوے اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جا رہی ہے جبکہ چینئی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

