تلنگانہ: اسپتال کے مردہ خانے میں آوارہ کتے نے لاش کو نوچ ڈالا
متوفی کی شناخت 32 سالہ پولے بھیمیشور کے طور پر ہوئی جو ناگاسالا گاؤں، جڑچرلہ کا رہائشی اور پیشے کے اعتبار سے لاری ڈرائیور تھا۔

Published : March 3, 2026 at 1:17 PM IST
جڑچرلہ : تلنگانہ کے جڑچرلہ سرکاری اسپتال میں پیش آئے ایک لرزہ خیز واقعے نے محکمۂ صحت کی کارکردگی اور سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پیر کے روز ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ایک شخص کی لاش کو آوارہ کتے نے نوچ ڈالا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آنے کے بعد عوامی غم و غصہ شدت اختیار کر گیا۔
متوفی کی شناخت 32 سالہ پولے بھیمیشور کے طور پر ہوئی ہے جو ناگاسالا گاؤں، منڈل جڑچرلہ کا رہائشی اور پیشے کے اعتبار سے لاری ڈرائیور تھا۔ اطلاعات کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں رکھا گیا تھا، تاہم مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث اسے زمین پر رکھا گیا۔ اسی دوران ایک آوارہ کتا مردہ خانے کے احاطے میں داخل ہوگیا اور لاش کے ہاتھ کو نوچنے لگا۔
اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ چندرکلا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ “پوسٹ مارٹم عملہ پہنچا تو کتا وہاں سے بھاگ گیا۔” تاہم اس بیان کے باوجود سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی کمی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
جڑچرلہ گورنمنٹ اسپتال جو پہلے 30 بستروں پر مشتمل تھا، 2023 میں اسے 100 بستروں کے اسپتال میں اپ گریڈ کیا گیا تھا۔ مگر حیران کن طور پر نئی عمارت میں مردہ خانے سے متعلق ضروری آلات اور سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔ اسی وجہ سے پوسٹ مارٹم اب بھی پرانی عمارت کے خستہ حال مردہ خانے میں کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پرارتھنا کی آڑ میں لاش چار دن تک گھر میں رکھی، پڑوسیوں کی شکایت پر پولیس نے کی کارروائی
ذرائع کے مطابق حال ہی میں ایک اور لاش کو مردہ خانے کی خراب حالت کے باعث وہاں رکھنے کے بجائے پوری رات ایمبولینس میں رکھا گیا، اور اگلی صبح پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کو بارہا سہولیات اور سیکیورٹی کی کمی سے متعلق آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

