ہراسانی سے خوفزدہ طالبہ کا بورڈ امتحان چھوڑنے کا فیصلہ، پولیس پر غفلت کا الزام
جامو کے انسپکٹر انچارج ونود سنگھ نے بتایاکہ متاثرہ کی ماں کی شکایت پر گاؤں کے تین نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Published : February 25, 2026 at 9:00 AM IST
امیٹھی: انٹرمیڈیٹ کی ایک طالبہ ہراسانی اور دھمکیوں سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ اس نے یوپی بورڈ کے امتحان کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ متاثرہ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ان کی شکایت کے باوجود پولیس نے ملزم کا 'نقص امن' کے الزام میں چالان کر کے معاملہ رفع دفع کر دیا۔ اب ملزمان متاثرہ پر سمجھوتہ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
اس معاملے میں جامو کے انسپکٹر انچارج ونود سنگھ نے بتایا کہ متاثرہ کی ماں کی شکایت کی بنیاد پر پولس نے 18 فروری کو اسی گاؤں کے تین نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کیا ہے پورا معاملہ
جانکاری کے مطابق یہ پورا واقعہ جامو تھانہ حلقے کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ یہ گاؤں تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کے باوجود شرپسندوں کی سرگرمیاں کم نہیں ہو رہی ہیں۔
متاثرہ کی بڑی بہن نے بتایا کہ یہ لوگ (ملزمین) روزانہ طالبات کو ہراساں کرتے ہیں۔ بہن نے اپنی آپ بیتی بتائی، تب اہل خانہ نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے تین ملزمان کے خلاف چھیڑ چھاڑ کا مقدمہ درج کیا اور دو ملزمین پر نقص امن کا چالان کر کے معاملے کو رفع دفع کر دیا۔
تیرہ فروری کو چھیڑ چھاڑ
متاثرہ کی بڑی بہن نے بتایا کہ 13 فروری کو اس کی بہن اپنا ایڈمٹ کارڈ لینے گئی تھی۔ اس دن ان لوگوں نے اسے حد سے زیادہ تنگ کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے اسے راستے میں روکا، اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے ہراساں کیا۔
لڑکی گھر واپس آئی اور روتے ہوئے سارا واقعہ سنایا۔ وہ ان سے اس قدر خوفزدہ تھی کہ امتحان دینے کے لیے تیار نہیں تھی۔ متاثرہ کی بڑی بہن نے بتایا کہ شکایت کے بعد ان افراد نے صلح کرنے کی 'دھمکی' دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیا تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اپنی بہن کی حفاظت کی درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہم چاہتے ہیں کہ ان لوگوں کو اتنی سخت سزا دی جائے کہ وہ دوبارہ کبھی کسی کو ہراساں نہ کریں۔ یہ لڑکے گاؤں میں گھومتے پھرتے رہتے ہیں۔ نہ پڑھتے ہیں اور نہ کمانے جاتے ہیں۔"
مزید پڑھیں:
اندور میں آسٹریلوی خواتین کرکٹرز سے چھیڑ چھاڑ، ملزم گرفتار
میرٹھ میں لڑکی کا راستہ روک چھیڑ چھاڑ، گلا دبا کر مار پیٹ، ملزم نوجوان گرفتار

