آندھرا پردیش: فون پر اسقاط حمل کا طریقہ بتاتا رہا ڈاکٹر، 5 ماہ کی حاملہ خاتون کی موت، کمپاؤنڈر اور نرس پر علاج میں غفلت کا الزام
معلومات کے مطابق جمعرات کو اسقاطِ حمل کا فیصلہ کیا گیا اورعملے نے فون پر ایک ڈاکٹر سے مشورہ کیا،کمپاؤنڈرنے جنین نکالنے کی کوشش کی

Published : August 28, 2026 at 2:49 PM IST
یِرّاگونڈاپالم: آندھرا پردیش کے مارکاپورم میں اسقاط حمل کے دوران ایک 25 سالہ حاملہ خاتون کی موت کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈاکٹر کی فون پر دی گئی ہدایات کے مطابق کلینک کے عملے نے طبی عمل انجام دینے کی کوشش کی، تاہم مبینہ طور پر طریقۂ کار میں خرابی کے باعث خاتون کی جان چلی گئی۔
یہ واقعہ جمعرات کو یِرّاگونڈاپالم علاقے میں پیش آیا۔ وائی پالم منڈل کے مراری پلی کی رہنے والی 25 سالہ خاتون پانچ ماہ کی حاملہ تھی۔ بدھ کے روز پیٹ میں درد کی شکایت پر اہل خانہ اسے نیشنل ہائی وے پر واقع ایک نجی اسپتال لے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ اس مرکز پر کوئی ایم بی بی ایس ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور طبی امور عملہ ہی سنبھال رہا تھا۔ جمعرات کو اسقاطِ حمل کا فیصلہ کیا گیا اور عملے نے فون پر ایک ڈاکٹر سے مشورہ کیا۔
ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق کمپاؤنڈر شیام نے ایک نرس کے ساتھ مل کر جنین نکالنے کی کوشش کی، تاہم یہ عمل کامیاب نہ ہوسکا اور خاتون کی موت ہوگئی۔
واقعے کے بعد غمزدہ اہل خانہ نے نیشنل ہائی وے پر خاتون کی لاش رکھ کر احتجاج کیا۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون کے پہلے ہی دو بچے تھے اور وہ تیسری بار حاملہ تھی۔
خاتون کے شوہر کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کلینک کے خلاف پہلے بھی کئی شکایات
مقامی اطلاعات کے مطابق یہ کلینک تقریباً 10 سال قبل نیشنل ہائی وے کے قریب مبینہ طور پر بغیر منظوری کے شروع کیا گیا تھا۔ ابتدا میں اسے ایک ایسے ڈاکٹر چلاتے تھے جو سرکاری اسپتالوں میں خدمات انجام دیتے تھے۔ اس وقت بھی کلینک کے خلاف متعدد الزامات سامنے آئے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ ضلع کے افسران وقتاً فوقتاً کلینک کا معائنہ کرتے رہے، تاہم مبینہ طور پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تقریباً دو سال قبل ڈاکٹر کے دوسرے ضلع میں تبادلے کے بعد سے کلینک کو ایک کمپاؤنڈر اور نرسیں چلا رہی تھیں۔ الزام ہے کہ شکایت موصول ہونے کے باوجود متعلقہ حکام نے کارروائی نہیں کی۔
مزید پڑھیں: ریزرویشن ختم کرنے کی تحریک کے نمائندوں سے جے پی نڈا کی ملاقات: حکومت کی پالیسی پر وضاحت کا مطالبہ
اب خاتون کی موت کے بعد کلینک کے انتظام اور متعلقہ حکام کی جانب سے مبینہ غفلت پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

