راہل گاندھی کا ’مارشل آرٹس‘ سبق: کانگریس رہنما نے پارٹی کارکنوں کو اتحاد، محبت اور جدوجہد کا پیغام دیا
راہل گاندھی نے پارٹی ضلعی صدور سے کہاکہ اگر وہ گرجائیں تو انہیں واپس اٹھنا ہوگا اور نفرت کا جواب محبت سے دینا ہوگا۔

Published : November 9, 2025 at 10:41 PM IST
پچمڑھی: کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے اتوار کے روز مدھیہ پردیش کے ضلع صدور کو جسمانی طور پر فٹ رہنے اور نظریاتی مضبوطی کے لیے ’مارشل آرٹس‘ کی تربیت دی۔ پچمڑھی میں منعقدہ اس خصوصی نشست میں ریاست کے 71 ضلع صدور نے شرکت کی۔
راہل گاندھی نے اس موقع پر کہا، ’’سیاست میں جسمانی اور ذہنی فٹنس ضروری ہے۔ آپ کو مارشل آرٹس کی طرح زندگی میں گرنے کے بعد دوبارہ اٹھنا سیکھنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی نظریات کا مقابلہ نفرت سے نہیں بلکہ محبت سے کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ’’چاہے کوئی کتنا ہی غلط کیوں نہ ہو، ہمیں جواب محبت سے دینا ہے۔‘‘
’مارشل آرٹس‘ کی یہ نشست تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی، جس کے بعد راہل گاندھی نے 25 منٹ تک ضلع صدور سے مختلف سیاسی و تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں، مایوسی سے گریز کریں اور ہر گھر تک کانگریس کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں سخت محنت کرنی ہے اور ریاست میں 2028 میں کانگریس کی حکومت تشکیل دینے کا ہدف حاصل کرنا ہے۔ کسی سے ڈرنے یا دبنے کی ضرورت نہیں۔‘‘
سابق وزیر اور راگھوگڑھ کے کانگریس ضلع صدر جے وردھن سنگھ نے بتایا کہ راہل گاندھی نے پارٹی کی تاریخ اور نظریے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا مقصد ہر شخص، مذہب اور طبقے کو عزت دینا، غریبوں کو مواقع فراہم کرنا، پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار دینا اور آئین کی طاقت کو بحال کرنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں راہل گاندھی نے حکومت پر سخت الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کی جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہو رہا ہے۔ میں نے ایک پریزنٹیشن دی جس سے واضح ہوا کہ ملک میں ’ووٹ چوری‘ کا منظم نظام چل رہا ہے۔ ہمارے پاس کافی ثبوت ہیں، جنہیں وقتاً فوقتاً عوام کے سامنے لایا جائے گا۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ میں بھی ووٹ چوری کے شواہد ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ کوئی تکنیکی غلطی نہیں بلکہ ایک منظم منصوبہ ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے آئین پر حملہ ہو رہا ہے، اور وزیر اعظم نریندر مودی، امیت شاہ اور گیانیش ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے ستپڑا ٹائیگر ریزرو میں جنگل سفاری بھی کی۔ نیم گھام کے مقام پر وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ جیپ میں سوار ہو کر جنگل کی سیر کو نکلے۔ اگرچہ اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ انہوں نے شیر یا دیگر جنگلی جانور دیکھے یا نہیں، لیکن صرف چند منتخب کانگریس رہنما اس موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: "نریندر مودی ووٹ چوری کرکے وزیر اعظم بنے"، ووٹ چوری پر راہل گاندھی کا بڑا بیان، "میں جنرل زیڈ کو دکھاؤں گا ثبوت"
راہل گاندھی نے پچمڑھی کے گاندھی چوک پر اپنے والد، سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی جانب سے 1989 میں افتتاح کیے گئے گاندھی مجسمے پر پھول چڑھائے اور مقامی کانگریس کارکنوں سے گفتگو بھی کی۔

