دہلی کے چاوڑی بازار میں زیرِ تعمیر تین منزلہ عمارت زمین بوس: 2 افراد ہلاک، 15 کے دبے ہونے کا خدشہ
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دہلی فائر سروس کے عملے سمیت امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

Published : November 5, 2026 at 11:33 AM IST
|Updated : November 5, 2026 at 12:39 PM IST
نئی دہلی: پرانی دہلی کے تاریخی اور گنجان آباد علاقے چاوڑی بازار میں جمعرات کی صبح ایک دلدوز حادثہ پیش آیا، جہاں ایک زیرِ تعمیر تین منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے کے نیچے کم از کم 15 افراد اب بھی دبے ہوئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع صبح تقریباً 9.50 بجے موصول ہوئی، جب چاوڑی بازار میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع "گلی ستارہ" میں زیرِ تعمیر عمارت زوردار دھماکے کے ساتھ منہدم ہو گئی۔ عمارت گرتے ہی علاقے میں شدید گرد و غبار پھیل گیا اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دہلی فائر سروس کی کم از کم 6 یونٹس بشمول ریسکیو گاڑیاں اور واٹر ٹینڈرز فوری طور پر جائے وقوعہ کے لیے روانہ کی گئیں۔
VIDEO | Delhi: A three-storey under-construction building collapsed in Old Delhi's Chawri Bazaar, with several people feared trapped under the debris. Rescue operation underway. Visuals from the incident spot. #DelhiNews #ChawriBazaar #BuildingCollapse (Full video available on PTI Videos - https://t.co/bIyFWTfmBd)
— Press Trust of India (@PTI_News) November 5, 2026
امدادی کارروائیوں کے دوران ایک سرکاری افسر، ڈی کے رائے نے صورتِ حال کی سنگینی بیان کرتے ہوئے کہاکہ "زیرِ تعمیر تین منزلہ عمارت گرنے کے باعث متعدد افراد اندر پھنس گئے ہیں۔ سینیئر حکام کی براہِ راست نگرانی میں امدادی کام تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔
پولیس نے بتایا کہ ملبے سے نکالے گئے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ دہلی فائر سروس کے ایک ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیاکہ "ہمیں صبح 9.50 بجے کنٹرول روم میں کال موصول ہوئی تھی۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق کم از کم 15 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
VIDEO | Delhi: A three-storey under-construction building collapsed in Old Delhi's Chawri Bazaar, with several people feared trapped under the debris. Rescue operations underway. A DFS official says, "At least 15 people are feared trapped... several have been injured. We received a call at 9.50 am. Teams from NDMC, Delhi Police, DFS and MCD are involved in rescue operation." #DelhiNews #BuildingCollapse #ChawriBazaar (Full video available on PTI Videos - https://t.co/bIyFWTfmBd)
— Press Trust of India (@PTI_News) November 5, 2026
یہ بھی پڑھیں: دہرادون میں کار پر کنٹینر پلٹ گیا؛ سہارنپور کے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک، چھ سالہ معصوم بچہ زخمی
فی الوقت دہلی پولیس، دہلی فائر سروس، این ڈی ایم سی اور میونسپل کارپوریشن آف دہلی کی مشترکہ ٹیمیں ملبے کو ہٹانے اور پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔" پرانی دہلی کی تنگ اور پیچیدہ گلیوں کی وجہ سے امدادی گاڑیوں اور مشینری کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

