ETV Bharat / state

میرٹھ میں بے قابو کار نے سائیکل سوار کو روند دیا، نوجوان کو 60 میٹر تک گھسیٹا، دوران علاج موت

میرٹھ کے برہم پوری تھانہ حلقے کے گجر چوک پر دہلی کی لائسنس پلیٹ والی ایک تیز رفتار کار نے سائیکل سوار کو روند دیا۔

میرٹھ میں بے قابو کار نے سائیکل سوار کو روند دیا، نوجوان کو 60 میٹر تک گھسیٹا
میرٹھ میں بے قابو کار نے سائیکل سوار کو روند دیا، نوجوان کو 60 میٹر تک گھسیٹا (Photo Credit : ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : July 6, 2026 at 11:36 AM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

میرٹھ: اتوار کو اترپردیش کے میرٹھ میں برہم پوری تھانہ حلقے کے گجر چوک پر دہلی لائسنس پلیٹ والی ایک تیز رفتار کار نے کام سے واپس آ رہے ایک سائیکل سوار کو روند دیا۔ اس حادثے میں سائیکل سوار گاڑی کے نیچے پھنس گیا اور کار ڈرائیور اسے کافی دور تک گھسیٹتا چلا گیا۔ اس دوران لوگوں کے ہنگامے اور روکنے کی کوششوں کے باوجود ڈرائیور نہیں رکا۔ شدید زخمی سائیکل سوار کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ رات گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ یہ حادثہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔

برہما پوری پولیس اسٹیشن انچارج راجیش کمبوج نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی شام تقریباً چھ بجے پیش آیا۔ 40 سالہ سنجے کمار اپنی ڈیوٹی ختم کر کے سائیکل پر گھر واپس جا رہے تھے۔ اسی دوران نون نگر سے گجر چوک کے قریب ریلوے کراسنگ کی طرف جا رہی دہلی لائسنس پلیٹ والی ایک تیز رفتار کار نے سنجے کی سائیکل کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے بعد سنجے کار کے نیچے پھنس گیا۔ راہگیروں نے کار ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا اور شور مچایا تاہم ڈرائیور نے گاڑی اور تیز کر دی اور فرار ہو گیا۔ اس دوران وہ سنجے کو تقریباً 60 میٹر تک سڑک پر گھسیٹتا چلا گیا۔ ہجوم نے کار کو گھیرنے کی کوشش کی تو ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر راجیش کمبوج کے مطابق، پولیس ٹیم نے اطلاع ملنے پر زخمی نوجوان سنجے کمار کو کے ایم سی اسپتال میں داخل کرایا۔ اتوار کی دیر رات علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ اس دوران اہل خانہ نے اسپتال میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ جائے وقوع پر پہنچے پولیس اہلکاروں نے رشتے داروں کو تسلی دی اور سخت کارروائی کا یقین دلایا۔ پھر گھر والے پرسکون ہوئے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کا استعمال کرتے ہوئے اس کے مالک کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: دہلی میں کار نے رکشا والے کو دو سو میٹر تک گھسیٹا