ETV Bharat / state

کاکیناڈا کی پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ لاشیں قریبی کھیتوں تک جا گریں اور فیکٹری کے اطراف انسانی اعضا بکھر گئے۔

کاکیناڈا کی پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی
کاکیناڈا کی پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : February 28, 2026 at 3:45 PM IST

|

Updated : February 28, 2026 at 3:54 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

آندھرا پردیش : ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کاکیناڈا ضلع میں آتش بازی (پٹاخہ) تیار کرنے والی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حکام نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

یہ افسوسناک واقعہ وٹلپالم اور جی میڈاپاڈو دیہات کے درمیان پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ لاشیں قریبی کھیتوں تک جا گریں اور فیکٹری کے اطراف انسانی اعضا بکھر گئے۔ واقعے کے بعد پورے علاقہ میں دھواں پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کے وقت فیکٹری میں کم از کم 15 افراد کام کر رہے تھے، جن میں سے کئی کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

زخمی ہونے والے پانچ افراد کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی، جس کے باعث لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ جائے وقوعہ پر کچھ دیر تک وقفے وقفے سے مزید دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں، جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔

پٹاخہ فیکٹری پداپودی روڈ کے قریب کھیتوں میں واقع تھی، اور مبینہ طور پر اسے اڈاپا نانی نامی شخص کا خاندان چلارہا تھا۔ رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فیکٹری میں حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی اور متعلقہ حکام کی جانب سے مناسب نگرانی نہ ہونے کے باعث ایسے واقعات بار بار پیش آ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آندھرا پردیش کی پٹاخہ فیکٹری میں آگ لگنے سے چھ افراد ہلاک

اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور اگر غفلت یا قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Last Updated : February 28, 2026 at 3:54 PM IST