کرناٹک میں بڑی سیاسی تبدیلی، وزیراعلیٰ سدارامیا کا استعفیٰ منظور، ڈی کے شیوکمار نئے وزیراعلیٰ بننے کے قریب
ذرائع کے مطابق ریاستی کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار نئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔

Published : May 29, 2026 at 9:44 AM IST
بنگلور : کرناٹک کی سیاست میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں گورنر تھاور چند گہلوت نے وزیراعلیٰ سدارامیا کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کی کابینہ کو فوری طور پر تحلیل کر دیا ہے۔ تاہم نئی حکومت کی تشکیل تک سدارامیا قائم مقام وزیراعلیٰ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق گورنر نے آئین کے آرٹیکل 164(1) کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے سدارامیا کا استعفیٰ قبول کیا اور وزراء کونسل کو تحلیل کرنے کا حکم جاری کیا۔
یہ پیش رفت کانگریس ہائی کمان کی ہدایات کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت ریاست میں قیادت کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار نئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے جا رہے ہیں، جبکہ اس حوالے سے حتمی مشاورت کے لیے وہ نئی دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں کئی موجودہ وزراء کو شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ علاقائی اور سماجی توازن برقرار رکھنے کے لیے چار نائب وزرائے اعلیٰ مقرر کیے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرناٹک میں سیاسی کشمکش ختم: سدارامیا وزارت اعلیٰ سے ہوئے مستعفی، ڈی کے شیو کمار کا راستہ صاف
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سدارامیا کے صاحبزادے یاتھندرا سدارامیا کو نئی کابینہ میں اہم وزارت دی جا سکتی ہے تاکہ سابق وزیراعلیٰ کے سیاسی اثر و رسوخ کو برقرار رکھا جا سکے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا جس میں ڈی کے شیوکمار کے قائد منتخب ہونے کی رسمی توثیق متوقع ہے، جس کے بعد ان کی تقریبِ حلف برداری کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

